• news

کشتی حادثہ: یونان تحقیقات کرے، اقوام متحدہ، اردگان کا شہباز کو تعزیتی فون: بلاول کا یونانی ہم منصب سے رابطہ

لاہور؍ اسلام آباد؍ وہاڑی؍ گوجرانوالہ؍ شیخوپورہ  (نامہ نگار+ خبر نگار خصوصی+ نوائے وقت رپورٹ+ نمائندہ خصوصی+ ایجنسیاں)  پولیس نے یونان کشتی حادثے میں ملوث انسانی سمگلر مرکزی ملزم ممتاز آرائیں کو  وہاڑی سے گرفتار کرلیا۔ پولیس کے مطابق  یہ بہت اہم گرفتاری ہے اور ملزم ممتاز آرائیں سے  شریک ملزم اسلم کا موبائل فون بھی برآمد ہوا ہے۔ پولیس کے مطابق ملزم سے اہم دستاویزات، موبائل ڈیٹا اور دیگر شواہد برآمد ہوئے ہیں۔  ملزم کو مزید تفتیش کیلئے ایف آئی اے کے حوالے کیا جارہا ہے اور اس کی نشاندہی پر جلد ہی دیگر ملزمان کو بھی گرفتار کرلیا جائے گا۔ آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے کہا کہ یو نان کشتی واقعہ میں ملوث تمام ملزمان کو جلد گرفتار کر لیا جائے گا، پنجاب پولیس ایف آئی اے اور دیگر اداروں کو ملزمان کی گرفتاری و تفتیش میں بھرپور تعاون فراہم کر رہی ہے۔ اندوہناک سانحہ میں ملوث سفاک ملزموں کو گرفتار کرکے سخت سے سخت سزا دلوائی جائے گی۔ ایف آئی اے اینٹی ہیومن ٹریفکنگ سرکل لاہور نے بڑی کارروائی کرتے ہوئے کشتی حادثہ میں ملوث انسانی سمگلر گرفتار کرلیا۔ انسانی سمگلر عابد حسین نے متاثرہ کی فیملی سے یونان بھجوانے کے لئے 35 لاکھ وصول کئے، ملزم کا بیٹا طلحہ شاہزیب بھی مذکورہ مقدمے میں پہلے سے گرفتار ہے، ملزم کا تعلق شیخوپورہ سے ہے، ملزم نے متاثرہ کی فیملی سے کل 35 لاکھ روپے وصول کئے، ملزم کو گرفتار کر کے تفتیش کا آغاز کر دیا گیا۔ گجرات میں کشتی حادثے کے شکار معاذ صدیق کے اہلخانہ نے نوجوان کے ایصال ثواب کیلئے دعا کروا دی۔ ضلع کوٹلی میں ضلعی انتظامیہ کے مطابق 21 نوجوان لاپتہ ہیں جبکہ مقامی افراد کا دعویٰ ہے کہ یہ تعداد 40 سے زائد ہے، جن میں ایک ہی خاندان کے 4 نوجوان بھی شامل ہیں۔ یونان کشتی حادثہ میں گرفتار دو انسانی سمگلروں کو گزشتہ روز گوجرانوالہ عدالت میں پیش کیا گیا۔ دونوں سمگلروں عظمت اور عمر کو گزشتہ روز گوجرانوالہ سے گرفتار کیا گیا تھا۔ عدالت نے ملزموں کو آٹھ روز کے جسمانی ریمانڈ پر ایف آئی اے کے حوالے کر دیا۔ 22 جون کو دوبارہ پیش کرنے کا حکم دیا ہے۔ ادھر ترکیہ کے صدر رجب طیب اردگان نے وزیراعظم شہباز شریف سے  ٹیلیفونک رابطہ کر کے یونان کشتی حادثہ میں پاکستانیوں کے جاںبحق ہونے پر اظہار افسوس  کیا۔ طیب اردگان نے واقعہ میں جاں بحق افراد کیلئے مغفرت اور اہلخانہ کیلئے صبر جمیل کی دعا کی۔ وزیراعظم شہباز شریف نے صدر رجب طیب اردگان کی تعزیت اور ہمدردی کے جذبات پر ان کا شکریہ ادا کیا۔ اس موقع پر وزیراعظم شہبازشریف نے کہا  مشکل گھڑی میں حکومت اور عوام ترکیہ کے صدر اور ترک عوام کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔ وزیر خارجہ بلاول بھٹو اور یونان کے وزیر خارجہ سے ٹیلی فونک رابطہ کیا۔ ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق کشتی کا حادثہ  پر گفتگو کی۔ قریبی رابطہ  رکھنے پر اتفاق کیا۔ کشتی حادثے پر انسانی حقوق کی تنظیمں یونان پر دباؤ ڈال رہی ہیں۔ اقوام متحدہ حکام نے بھی یونان سے کشتی حادثے کی تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے۔ انسانی حقوق دباؤ کے باعث حکومت یونان نے ریسکیو آپریشن دوبارہ شروع کر دیا۔ لاپتہ ہونے والے پاکستانیوں میں سے 101 کا تعلق گوجرانوالہ ریجن سے ہے۔ ایف آئی اے حکام کے مطابق لاپتہ پاکستانیوں میں گجرات کے 47 ، گوجرانوالہ کے 38،  سیالکوٹ کے 11 اور منڈی بہاء الدین کے 5 افراد شامل ہیں۔ اس کے علاوہ آزادکشمیر کے مختلف اضلاع کے 21 اور فیصل آباد کے 2 نوجوان بھی کشتی حادثے کے بعد سے لاپتہ ہیں۔ گوجرانوالہ اور سیالکوٹ کے 40 لاپتہ نوجوانوں کے خاندانوں کے ڈی این اے سیمپلز لے لیے گئے ہیں۔ وزیر برائے اوورسیز پاکستانی ساجد  طوری  نے کہا یونان حادثے میں جاں بحق ہونے والے پاکستانیوں کی میتیں چارٹر فلائٹ سے پاکستان لائی جائیں گی، تدفین کا بندوبست اوورسیز کی وزارت کرے گی، جاں بحق افراد کی شناخت کیلئے ڈی این اے کا مرحلہ کئی ہفتوں پر مشتمل ہوسکتا ہے۔ انسانی سمگلنگ کے الزام میں گرفتار طلحہ شاہ زیب کو لاہور کی ضلع کچہری میں پیش کیا گیا جہاں اس کا 4روزہ جسمانی ریمانڈ منظور کرلیا گیا ہے۔ ایف آئی اے کی ٹیم نے گھمن والہ سے مزید دو انسانی سمگلرز محسن اور شرافت گرفتار کر لئے، ان انسانی سمگلرز نے عمیر یحییٰ کو اٹلی بھیجنے کیلئے 25لاکھ روپے لئے تھے ،انصاف کی دہائیاں دینے والے 22سالہ عمیر کے والد کا کہنا تھا کہ اسکا بیٹا بھی لیبیا سے یونان جانیوالی کشتی میں سوار تھا ،بیس دن گزر چکے ہیں انکا بیٹے کیساتھ کوئی رابطہ نہیں ہے جبکہ ایس ایچ او راجہ شہزاد کا کہنا ہے کہ انسانی اسمگلرز کیخلاف درخواست موصو ل ہونے کے بعد ایک گھنٹے کے اندر انہیں گرفتار کیا گیا ہے اب تک 8 انسانی سمگلرز گرفتار ہو چکے ہیں۔ لاپتہ ہونیوالے گوجرانوالہ کے مزیدچار نوجوان سامنے آگئے، پنجاب فرانزک ٹیم نے لاپتہ نوجوانوں کی فیملز کے ڈی این اے سیمپلز بھی حاصل کرلئے‘ اروپ موڑ کا رہائشی ناصر علی ، کھیالی کا نعمان ، منڈیالہ کا سانول اور سنسرہ کا ابوبکر بھی شامل ہیں‘ حادثہ سے قبل کشتی میں سوار نعمان نے اپنے اہلخانہ کو آخری آڈیو پیغام بھیجا کہ وہ کشتی میں سوار ہو چکا ہے اور اٹلی پہنچ کر دوبارہ رابطہ کرے گا ،لخت جگر کا آڈیو پیغام بار بار سن کر اہلخانہ کو غشی کے دورے پڑ رہے ہیں وہ اسی امید میں ہے کہ شائد انہیں اپنے بیٹے کی دوبارہ آواز سنائی دے ،گوجرانوالہ سے تعلق رکھنے والے لاپتہ افراد کی تعداد چالیس ہو گئی ہے، پنجاب فرانزک ٹیم نے ایف آئی اے آفس میں ڈیسک قائم کر دیا ہے، فرانزک ٹیم نے اب تک 35لاپتہ نوجوانوں کی فیملز کے ڈی این اے سیمپلز لے لئے ہیں اس حوالے سے ایف آئی اے حکام کا کہنا ہے کہ 14فیملز کے مزید آج ہی سیمپلز لئے جائیں گے ،گوجرانوالہ اورسیالکوٹ کے لاپتہ افراد کی فیملز کے ڈی این اے کئے جائیں گے ،اب تک ٹوٹل 49فیملز سے رابطہ ہوا ہے جبکہ مزید رابطہ کر رہے ہیں اور ڈی این اے رپورٹس جلد وزارت خارجہ کو ارسال کر دی جائیں گی۔ یونان کشتی حادثہ میں لاپتہ ہونے والے افراد میں گوجرانوالہ سے تعلق رکھنے والے تین جگری دوست بھی شامل ہیں، جن کا عاطف نامی دوست اپنے جگری دوستوں کی معلومات حاصل کرنے کیلئے مختلف ٹریول ایجنسیوں کے چکر کاٹ رہا ہے، نم آنکھیں اور غم سے نڈھال عاطف کا کہنا ہے کہ افسوسناک حادثہ میں 3دوست کھو دئیے ہیں ان کیساتھ گزرا ہوا ہر پل یاد کرکے دن رات روتا ہوں۔ یونان کشتی حادثے میں جاں بحق ہونے والوں میں شیخوپورہ کے تین مزید نوجوانوں کے بارے میں پتہ چلا ہے جن کے لواحقین نے انسانی سمگلروں کو 25سے 30لاکھ روپے فی کس اد اکیے تھے۔ اس کشتی حادثہ کے بعد پاکستان کی سوئی ہوئی قانون پر عملدرآمد کرانے والی ایجنسیوں نے انسانی سمگلروں کیخلاف کریک ڈائون شروع کر دیا ہے۔ ابھی تک شیخوپورہ سے ایک انسانی سمگلر طلحہ، شاہ زیب گرفتار ہوا ہے جبکہ دو انسانی سمگلر نواز اور وارث مفرور ہیں جن کی گرفتاری کیلئے پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے ادارے چھاپے مار رہے ہیں۔ شیخوپورہ اور مختلف علاقوں میں ان انسانی سمگلروں نے ایف آئی اے اور دیگر اداروں کو دھوکہ دینے کیلئے عمرہ‘ حج کی ادائیگی کے دفاتر بنا رکھے ہیں‘ ان کے پاس کسی قسم کا کوئی حکومت کا لائسنس بھی نہیں ہے‘ اکثر انسانی سمگلر فیس بک اور دیگر سوشل میڈیا اکائونٹس میں اپنے اشتہارات لگاتے ہیں جہاں لوگ ان کے بھنور میں پھنس رہے ہیں۔

ای پیپر-دی نیشن