• news

نواز شریف سے ملاقات، کہا تھا قیادت تبدیل کرینگے تو کسی عہدے پر رہنا ممکن نہیں: شاہد خاقان

لندن (عارف چودھری+ نوائے وقت رپورٹ) سابق وزیراعظم شاہد خاقان نے کہا کہ نواز شریف سے کہا تھا قیادت تبدیل کریں گے تو میرا کسی عہدے پر رہنا ممکن نہیں، جنوری میں استعفیٰ دے دیا تھا اب میں پارٹی کا عہدیدار نہیں ہوں۔ شاہد خاقان عباسی نے لندن میں حسین نواز کے دفتر میں نواز شریف سے ملاقات کی تھی‘ ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو میں شاہد خاقان نے کہا کہ میں نے کوئی نئی پارٹی بنانے کا عندیہ نہیں دیا جبکہ پارٹی میں کوئی اختلافات نہیں۔ ری امیجنگ پاکستان ایک ڈائیلاگ کا پلیٹ فارم ہے جہاں سب کو بات کرنی چاہیے، ہر ایک کو ڈائیلاگ میں شامل ہونا چاہیے، ملک کو آگے کیسے لے کر جانا ہے یہ سب کو مل بیٹھ کر سوچنا چاہیے۔ اس سال اکتوبر یا نومبر میں الیکشن ہونا قانون کے مطابق ضروری ہیں، صوبائی اسمبلیاں ملک میں انتشار پھیلانے کیلیے توڑی گئیں۔ نواز شریف سے سیاسی صورتحال پر گفتگو کی۔ آئندہ انتخابات اور پارٹی امور پر بھی بات چیت کی گئی۔ نواز شریف کے ساتھ دوستی بھی ہے اور میرے لیڈر بھی ہیں‘ نواز شریف سے ملاقات مثبت رہی۔ پارٹی میں کوئی اختلافات نہیں ہیں۔ تمام مسائل کا حل مذاکرات میں ہے۔ نواز شریف سے ملاقات میں فیصلے نہیں مشاورت ہوئی۔ میرے مسلم لیگ سے کوئی اختلافات نہیں۔ میاں صاحب کو کہا تھا آپ قیادت بدلیں گے تو میرا پارٹی عہدے پر رہنا ممکن نہیں۔ موجودہ نظام اور سیاسی جماعتوں میں ملک چلانے کی اہلیت نہیں۔ ملک میں انتخابات بامقصد ہونے چاہئیں۔ الیکشن بامقصد ہوں گے تو حصہ لوں گا۔ بے مقصد انتخابات کا کوئی فائدہ نہیں۔ الیکشن سے پہلے آئندہ کا لائحہ عمل طے کرنا ہو گا۔ نواز شریف نے صحافیوں سے مختصر بات کرتے ہوئے کہا کہ شاہد خاقان عباسی سے کس موضوع پر بات چیت ہوئی۔ شاہد خاقان عباسی سے ہر حوالے سے بات چیت ہوئی۔

ای پیپر-دی نیشن