• news

بے نظیر بھٹو کی سالگرہ آج: شہید کے خوابوں کو تعبیر دینگے: بلاول، زرداری

اسلام آباد+لاہور (نمائندہ  خصوصی+نامہ نگار) سابق وزیراعظم محترمہ بے نظیر بھٹو شہید کی سالگرہ آج منائی جائے گی۔ اس سلسلے میں ملک  بھر میں تقاریب کا اہتمام کیا جائے گا، اور ان تقاریب میں سالگرہ کے کیک کاٹے جائیں گے اور پی پی پی کے راہنما خطاب کریں گے۔ اسلام آباد، راولپنڈی، لاہور، ملتان مین بھی تقاریب ہوں گی۔ سابق صدر مملکت اور صدر پاکستان پیپلزپارٹی پارلیمنٹیرینز آصف علی زرداری نے محترمہ بینظیر بھٹو شہید کی سالگرہ کے موقع پر قوم کے نام پیغام میں کہا ہے کہ پیپلزپارٹی  بینظیر بھٹو شہید کے فلسفے پر ثابت قدمی کے ساتھ عمل پیرا ہے۔ ہم محترمہ بینظیر بھٹو شہید کے خوابوں کی تعبیر کریں گے۔  بینظیر بھٹو نے عوام کو سماجی اور معاشی استحصال سے نجات دلوانے کیلئے زندگی بھر جدوجہد کی۔  پیپلزپارٹی عوام کو غربت، مفلسی اور معاشی بدحالی سے ضرور نجات دلوائے گی۔ وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے تجدید عہد کیا ہے کہ ان سمیت ان کی پوری جماعت ملک میں آئین و پارلیمان کی بالادستی، جمہوری اداروں کی مضبوطی اور مساوات کے فروغ کے لیے شہید محترمہ بینظیر بھٹو کے فلسفے پر سختی سے کاربند رہیں گے۔ سابقہ حکومت کی وجہ سے ملک میں بے قابو ہونے والی مہنگائی و بے روزگاری کو کنٹرول اور غربت کے خاتمے کے لیے شہید محترمہ بینظیر بھٹو کے عوام دوست فلسفے کی پیروی کرنا ہوگی۔ میں یقین دلاتا ہوں کہ اگر عوام نے آئندہ عام انتخابات میں پاکستان پیپلز پارٹی کو مینڈیٹ دیا، تو عوامی حکومت بھی ملک میں روزگار لائے گی۔ وقت آگیا ہے کہ ہم میں سے ہر ایک محب وطن پاکستانی ملک کی ترقی، خوشحالی، استحکام اور سربلندی کے لیے 'بینظیر ایجنڈا' کو اپنے سامنے رکھے۔ پیپلز پارٹی کے سیکرٹری جنرل سید نیئر حسین بخاری نے بینظیر بھٹو کے یوم ولادت پر پیغام میں کہا ہے کہ پہلی منتخب خاتون وزیراعظم شہید بینظیر بھٹو بے نظیر  اور مثالی رہنما تھیں۔ بینظیر بھٹو شہید کی ملکی جمہوری آئینی عوامی خدمات ہمیشہ یاد رہیں گی۔ دریں اثناء سید نیئر بخاری لاہور  چلے گئے۔ سید نیئر بخاری پیپلز پارٹی لاہور ڈویژن کے زیر اہتمام بے نظیر بھٹو شہید کی سادہ اور پروقار سالگرہ تقریب میں مہمان خصوصی ہوں گے۔ بے نظیر بھٹو کی سالگرہ کے حوالے سے مرکزی تقریب پیپلز پارٹی لاہور کے زیر انتظام لبرٹی چوک لاہور میں جشن بے نظیر کے نام سے منعقد کی گئی۔ جس میں سید نئیر حسین بخاری، چودھری اسلم گل، رانا فاروق سعید، فیصل میر، شہزاد سعید چیمہ و دیگر پارٹی قائدین اور ورکرزکی موجودگی میں رات 12 بجے بے نظیر بھٹو شہید کی سالگرہ کا کیک کاٹا گیا۔ نیئر حسین بخاری نے کہا کہ ہپیپلز پارٹی سوگوار خاندانوں کے غم میں شریک ہے۔ ہم اتحادی حکومت کا حصہ ہیں، اس کیوجہ مخبوط الحواس شخص ہے۔آنیوالے انتخابات میں پیپلز پارٹی اپنے نشان اور منشور پر حصہ لے گی۔ پیپلز پارٹی کے ووٹ پر ڈاکہ ڈالنے کی اجازت نہیں دینگے۔ جس بھنور میں ملک پھنس چکا ہے اس سے آصف زرداری ہی نکال سکتے ہیں۔ اسٹیبلشمنت کی بنائی جماعتیں نہ پہلے پیپلز پارٹی کا مقابلہ کر سکیں نہ اب کر سکیں گی۔ اسلم گل نے کہا کہ اتنی محنت اور محبت سے بی بی شہید کی سالگرہ منانے پر کارکنوں کا شکر گزار ہوں۔ بلاول بھٹو کو وزیراعظم پاکستان بنائیں گے۔ قاسم گیلانی نے کہا کہ جشن بینظیر منانے پر تمام قائدین اور کارکن مبارکباد کے مستحق ہیں۔ یہ جلسہ اس بات کی دلیل ہے کہ پیپلز پارٹی کا پنجاب میں ریوائیول ہو چکا ہے۔ تقریب سے حافظ غلام محی الدین، ثمینہ خالد گھرکی، روبینہ سہیل بٹ چودھری سلیم جاوید جٹ ,سیدہ نوین بخاری، خالد گل کینڈا والے، ایڈون سہوترا نے بھی خطاب کیا۔ آخر میں بینظیر بھٹو کی 70ویں سالگرہ کا بڑا کیک کاٹا گیا۔ فیصل میر، میاں ایوب، ڈاکٹر خالد جاوید جان، نیلم جبار، نایاب جان، عبدالقادر شاہین، احمد جواد فاروق رانا، حاجی عزیز الرحمن چن، علامہ یوسف اعوان ،خالد باجوہ، میاں ودود، حسن ڈار، عمران اٹھوال، فرخ مرغوب، ماہ عالم، وسیم شہاب الدین، صابر بھلہ، نعمان یوسف، فرخ بصیر پارٹی کی تمام تنظیموں کے عہدیدار، ٹکٹ ہولڈرز، سمیت کارکنوں اور عوام کی بڑی تعداد موجود تھی۔

ای پیپر-دی نیشن