امریکی سفیر سے ملاقات ، واشنگٹن آئی ایم ایف پروگرام کی بحالی میں کردار ادا کرے : وزیرخزانہ
اسلام آباد (نمائندہ خصوصی+ آئی این پی) وزیرخزانہ اسحاق ڈار کی پاکستان میں امریکی سفیر ڈونلڈ بلوم سے ملاقات ہوئی۔ وزیر خزانہ نے ملاقات میں کہا کہ امریکہ آئی ایم ایف پروگرام کی بحالی میں کردار ادا کرے۔ وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے امریکی سفیر کو ملک کی موجودہ معاشی صورتحال سے آگاہ کیا۔ وزیر خزانہ نے امریکی سفیر کو آئی ایم ایف سے تعطل کے شکار معاہدے کے بارے میں بھی آگاہ کیا۔ امریکی سفیر آئی ایم ایف سے پروگرام کی بحالی کیلئے بات چیت کریں گے۔ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ پاکستان امریکا کے ساتھ دوطرفہ تجارتی اور سرمایہ کاری تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کا خواہاں ہے۔ وزیر خزانہ نے مشکل معاشی صورتحال سے نمٹنے اور معیشت کو استحکام اور نمو کی راہ پر گامزن کرنے کے لئے حکومت کی معاشی پالیسیوں اور ترجیحات سے بھی انہیں آگاہ کیا۔ فریقین نے باہمی دلچسپی کے شعبوں اور دونوں ممالک کے درمیان موجودہ دوطرفہ تعلقات کو مزید فروغ دینے کے طریقوں پر تبادلہ خیال کیا۔ وزیر خزانہ نے امریکی سفیر کو قومی اور بین الاقوامی مالیاتی ذمہ داریوں کو پورا کرنے کے لیے مالیاتی گیپ کو کم کرنے کے لیے حکومت کے بجٹ اقدامات کے بارے میں بھی بتایا۔ امرےکی سفےر نے دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ اقتصادی، سرمایہ کاری اور تجارتی تعلقات کو مزید فروغ دینے کے لئے اپنی حمایت کا اعادہ بھی کیا۔ وزیر خزانہ نے امریکی سفیر کا شکریہ ادا کیا اور حکومت کی جانب سے امریکا کے ساتھ دوطرفہ تجارتی اور سرمایہ کاری کے تعلقات کو مزید فروغ دینے کی خواہش کا اعادہ کیا۔