• news

جنرل ساحر شمشاد کی چینی سیاسی ، فوجی قیادت سے ملاقاتیں 

اسلام آباد (خبرنگار خصوصی‘ آئی این پی) چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف جنرل ساحر شمشاد مرزا چین کے پانچ روزہ دورہ پر چین میں موجود ہیں جہاں چینی عسکری حکام سے ملاقاتوں میں باہمی دفاعی تعاون کا جائزہ لیا گیا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف جنرل ساحر شمشاد مرزا ان دنوں پاک چائنہ دفاع اور سکیورٹی سے متعلق مذاکرات میں پاکستانی وفد کی سربراہی کر رہے ہیں۔ جنرل ساحر شمشاد نے دورے کے دوران چینی چیف آف جوائنٹ سٹاف جنرل لیو ژینلی سے ملاقات بھی کی۔ آئی ایس پی آر کے مطابق پاکستان چین کے ساتھ دوستی کو خصوصی اہمیت دیتا ہے۔ فریقین کا "آئرن برادرز" اور "آل ویدر فرینڈز" ہونے کے ناطے گہرے سٹرٹیجک تعلقات استوار رکھنے کا عزم ہے۔ چین کے ریاستی کونسلر اور وزیر خارجہ چن گانگ سے بھی جنرل ساحر شمشاد مرزا نے بیجنگ میں ملاقات کی ہے۔ چن گانگ نے کہا کہ پاکستانی فوج ملک کے ایک اہم ستون کے طور پر کردار ادا کر تی ہے اور چین پاک دوستی کی حفاظت کرنے اور اسے فروغ دینے والی ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ پاکستانی فوج اپنا کردار ادا کرتے ہوئے پاکستان کے اندورنی استحکام کو برقرار رکھے گی اور چین پاک ہم نصب معاشرے کی مشترکہ تعمیر کے سلسلے میں مزید خدمات سرانجام دے گی۔ چن گانگ نے پاکستان میں چینی اہلکاروں کے تحفظ کو یقینی بنانے کے حوالے سے پاکستانی فوج کا شکریہ بھی ادا کیا۔ پاکستان کے چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف جنرل ساحر شمشاد مرزا نے کہا کہ پاک چین تعلقات سمندر سے گہرے، پہاڑوں سے بلند، شہد سے میٹھے اور فولاد سے زیادہ مضبوط ہیں۔ پاکستانی فوج چین پاکستان اقتصادی راہداری کی تعمیر اور "بیلٹ اینڈ روڈ" کی مشترکہ تعمیر سمیت تمام دوطرفہ تعاون کو یقینی بنانے کے لئے ہر ممکن کوشش جاری رکھے گی۔

ای پیپر-دی نیشن