بھارت سے تیل لینے کی خبریں بے بنیاد، کروڈ آئل پیدا ہی نہیں کرتا: مصدق ملک
اسلام آباد (نامہ نگار) وزیر مملکت مصدق ملک نے کہا ہے کہ ہندوستان سے تیل لینے کی خبریں بے بنیاد ہیں، ہندوستان کروڈ آئل پیدا ہی نہیں کرتا، ہم نے روس سے ریفائن نہیں کروڈ تیل لیا ہے، آذربائیجان کی سرکاری کمپنی سوکار سے ایک سال کا معاہدہ کیا ہے۔ ترکمانستان سے گیس یورپ پہنچانے کے لیے گوادر پر ایل این جی ٹرمینل بنانے کی پیشکش کی ہے۔ ترکمانستان کی گیس، پائپ لائن کے ذریعے پاکستان آ سکتی ہے۔ جس جس کو ایل این جی چاہیے یہاں کارخانے لگائے۔ پاکستان انرجی کی ایک راہداری بن سکتا ہے، یہ تجاویز میں نے باکو کانفرنس میں دی ہیں۔ ایک طرف ایل این جی اور دوسری طرف گیس دنیا کو فراہم ہوسکتی ہے۔ ڈاکٹر مصدق ملک کا مزید کہنا تھا کہ معاشی اور سیاسی غیر یقینی صورتحال کے سبب ایل این جی کی بولی نہ مل سکی، ملک کے پاس زرمبادلہ ذخائر کی کمی ہے، ہم نے روس سے ریفائن نہیں کروڈ تیل لیا ہے، کروڈ کا دوسرا جہاز جلد پاکستان پہنچ جائے گا۔ شاہد خاقان عباسی سے اختلاف رائے ضرور ہے مگر تلخ کلامی کی خبریں بے بنیاد ہیں، میری ذاتی رائے میں ایل این جی خریداری کے لیے جی ٹو جی معاہدہ ہونا چاہئے۔