حکومت‘ تحریک لبیک کی مشترکہ کمیٹی کا اجلاس: معاہدے پر پیش رفت کا جائزہ
اسلام آباد (اپنے سٹاف رپورٹر سے) وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ خان کی زیر صدارت حکومت اور تحریک لبیک پاکستان کی مشترکہ کمیٹی کا اجلاس ہوا۔ وزیر مملکت برائے داخلہ عبدالرحمن کانجو اور سیکرٹری داخلہ سید علی مرتضیٰ نے بھی اجلاس میں شرکت کی تحریک لبیک پاکستان کی جانب سے ڈاکٹر شفیق امینی، مفتی عمیر الازہری اور دیگر ممبران نے شرکت کی۔ اجلاس میں وزارت داخلہ، وزارت خارجہ، وزارت انفارمیشن ٹیکنالوجی، ایف آئی اے، پی ٹی اے، پیمرا اور صوبائی محکمہ داخلہ کے نمائندوں کی شرکت کی۔ وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ نے کہا کہ ناموس رسالت کا تحفظ ہر مسلمان کا دینی فریضہ ہے۔ ناموس رسالت پر کسی قسم کی مصلحت کا تصور نہیں کیا جا سکتا۔ وزیر داخلہ نے کہا کہ عشق رسالت ہر مسلمان کی رگ رگ میں ہے، ختم نبوت پر ایمان نہ رکھنے والا مسلمان نہیں ہو سکتا۔ وزیر داخلہ نے کہا کہ اجلاس میں ناموس رسالت کے تحفظ کیلئے لیے جانے والے اقدامات پر پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں معاہدہ کے بقیہ نکات پر بھی پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔