• news

حکومت نے اعلیٰ تعلیم کیلئے بجٹ میں خاطر خواہ فنڈز رکھے: گورنر پنجاب

لاہور (نیوز رپورٹر) گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمن سے آج یہاں گورنر ہائوس لاہور میں وائس چانسلر گورنمنٹ کالج ویمن یونیورسٹی فیصل آباد ،پروفیسر ڈاکٹر روبینہ فاروق اور سابق وائس چانسلر ایرڈ ایگریکلچرل یونیورسٹی راولپنڈی، پروفیسر ڈاکٹر رائے نیاز احمد نے ملاقات کی۔ ملاقات میں جامعات میں گورننس کی بہتری اور زراعت کے شعبے میں ہائیڈرو پانکس (Hydroponics) ٹیکنالوجی کے استعمال کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا۔اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمن نے کہا کہ حکومت ملک میں ہائرایجوکیشن کے فروغ کے لئے بھر پور اقدامات اٹھارہی ہے یہی وجہ ہے کہ حالیہ بجٹ میں حکومت نے اعلی تعلیم کے فروغ کے لیے خاطر خواہ فنڈز رکھے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن)کی حکومت نے ہمیشہ صحت اور تعلیم کے شعبوں پر خصوصی توجہ دی ہے۔ گورنر پنجاب نے کہا کہ بطور چانسلر وہ جامعات کے معیار کو بہتر بنانے پر خصوصی توجہ دے رہے ہیں اور تعلیم کے ساتھ طلبا کی تربیت سازی بھی ان کی ترجیح ہے۔ انہوں نے کہا کہ انہوں نے وائس چانسلرز کو اس حوالے سے خاص تاکید کی ہے کہ نوجوان نسل ہمارا مستقبل ہے اور ان کی کردار سازی بہت ضروری ہے۔ 

ای پیپر-دی نیشن