شیخ رشید کے گھر پولیس کی تھوڑ پھوڑ، درخواست پر اعتراضات ختم، آج سماعت
اسلام آباد (وقائع نگار) اسلام آباد ہائی کورٹ کے جسٹس طارق محمود جہانگیری کی عدالت نے پولیس کی جانب سے سابق وزیر داخلہ شیخ رشید کے گھر چھاپہ اور توڑ پھوڑ پر اداروں کے خلاف اندراج مقدمہ سے متعلق شیخ رشید احمد کی درخواست پر اعتراضات ختم کرتے ہوئے سماعت کیلئے مقرر کرنے کی ہدایت کردی۔ گذشتہ روز سماعت کے دوران درخواست گزار کی جانب سے سردار عبدالرازق ایڈووکیٹ عدالت پیش ہوئے۔ شیخ رشید کی درخواست پر رجسٹرار آفس کے اعتراضات دور کردیے گئے، جس پر عدالت نے درخواست پر نمبر لگا کر آج جمعرات کو سماعت کیلئے مقرر کرنے کی ہدایت کردی۔ شیخ رشید کی درخواست میں وزارت داخلہ، آئی جی، ایس ایس پی، ایس ایچ او کوہسار و دیگرکو فریق بناتے ہوئے ذمہ داروں کے خلاف انضباطی کارروائی، اپنے خلاف کیسوں کی تفصیلات فراہم کرنے اور کیسوں کی تفصیلات فراہمی تک حفاظتی ضمانت منظور کی جائے، کی استدعا کی گئی ہے۔ شیخ رشید کے وکیل سردار عبدالرازق نے میڈیا سے گفتگوکرتے ہوئے کہا کہ آج ہماری درخواست پر سماعت جسٹس طارق محمود جہانگیری نے کی، درخواست پر رجسٹرار آفس کے کچھ اعتراضات تھے، عدالت نے ہمیں سننے کے بعد وہ اعتراضات دور کردیئے۔ اس سے قبل ہمارا کیس جسٹس ارباب محمد طاہر کی عدالت میں تھا، ہم نے درخواست کی تھی کہ ہمارے کچھ کیسز پہلے ہی جسٹس طارق محمود جہانگیری کی عدالت میں زیر سماعت ہیں، ہماری درخواست پر جسٹس ارباب محمد طاہر نے ہمارا یہ کیس پھر کورٹ نمبر چار کو بھیجا تھا۔