حکومت توشہ خانہ کے ریگولیشن کیلئے بل میں تاخیر کا ارادہ رکھتی ہے ،رانا مقبول
اسلام آباد(خبرنگار)سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے کیبنٹ سیکرٹریٹ کا اجلاس چیئرمین کمیٹی سینیٹر رانا مقبول احمد کی زیر صدارت پارلیمنٹ ہاؤس میں منعقد ہوا۔ چیئرمین کمیٹی نے توشہ خانہ (مینجمنٹ اینڈ ریگولیشن)بل پر بحث میں کرتے ہوئے کہا کہ حکومت توشہ خانہ کے ریگولیشن کے لیے بل پیش کرنے میں تاخیر کا ارادہ رکھتی ہے وفاقی وزیر پارلیمانی امور مرتضی جاوید عباسی نے بتایا کہ سینیٹ کے اگلے اجلاس میں حکومتی بل پیش کیا جائیگا۔ سینیٹر دانش کمار 31 مارچ2023 کے ایوان بالا کے اجلاس میں پوچھے گئے سوال فیڈرل پبلک سروس کمیشن کی جانب سے گزشتہ دو سالوں کے دوران محکموں کے ناموں کے ساتھ مشتہر کی گئی اسامیوں کی تعداد بارے اسٹیبلشمنٹ ڈویژن کی جانب سے جمع کرائی گئی تفصیلات پر عدم اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے مطالبہ کیا کہ تمام عہدوں کی گریڈ وار تفصیلات فراہم کی جائیں۔ اسپیشل سیکرٹری اسٹیبلشمنٹ ڈویژن وسیم مختار نے بتایا کہ تیرہ وزارتوں نے تفصیلات جمع کرادی ہیں تاہم تمام متعلقہ تفصیلات جمع کرانے کے لیے مناسب وقت درکار ہے کمیٹی اجلاس میں سینیٹر دانش کمار اور گوردیپ سنگھ کی جانب سے 3 اپریل2023 کو ایوان بالا کے اجلاس میں ایک قرارداد پیش کی کہ حکومت تمام صوبوں میں اقلیتوں کے لیے مختص پانچ فیصد ملازمتوں کے کوٹے کو مساوی طور پر تقسیم کرنے کامعاملہ زیر بحث آیا۔سیکرٹری اسٹیبلشمنٹ ڈویژن انعام اللہ خان دھاریجو نے بتایا کہ نئی مردم شماری کے مطابق اقلیتوں کے لیے مختص پانچ فیصد ملازمتوں کے کوٹے کے حوالے سے نئی پالیسی مرتب کی جائے گی قائمہ کمیٹی کو PAS، PSP، OMG اور سیکرٹریٹ گروپ میں سروس ریفارمز پر بریفنگ دی گئی چیئرمین کمیٹی سینیٹر رانا مقبول نے اسٹیبلشمنٹ ڈویژن کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ اس سلسلے میں سیاست دانوں کا کلیدی کردار ہے کیونکہ نظام کا استحکام تمام متعلقہ اسٹیک ہولڈرز کی کوششوں سے حاصل ہوگا۔