حکومت پائیدار ترقی کے اہداف کے حصول کیلئے پرعزم ہے: رانا تنویر
اسلام آباد (نامہ نگار) وفاقی وزیر تعلیم و پیشہ ورانہ تربیت رانا تنویر حسین نے کہا ہے کہ پاکستان کا آئین 5 سے 16 سال کی عمر کے تمام بچوں کو مفت اور لازمی تعلیم کی فراہمی کو یقینی بناتا ہے۔ حکومت اس سے آگے بڑھ کر زندگی بھر سیکھنے کے مواقع فراہم کرنے کے لئے پائیدار ترقی کے اہداف 4 (ایس ڈی جی 4) کے حصول کے لئے پرعزم ہے۔ بدھ کو وزارت تعلیم و پیشہ ورانہ تربیت کے زیر اہتمام2 روزہ پاکستان لرننگ کانفرنس بلڈنگ فا ونڈیشنز 2023 کا آغاز ہو گیا۔ کانفرنس میں عالمی سطح کے معلمین، پالیسی ساز اور ماہرین شرکت کر رہے ہیں۔ کانفرنس کے افتتاحی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے رانا تنویر حسین نے کہا کہ پاکستان کا آئینی عہد ہے کہ وہ5 سے 16 سال کی عمر کے تمام بچوں کو مفت اور لازمی تعلیم فراہم کرے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ حکومت اس سے آگے بڑھنے کا ارادہ رکھتی ہے کیونکہ پاکستان سب کے لئے زندگی بھر سیکھنے کے مواقع فراہم کرنے کے لئے پائیدار ترقی کے اہداف 4 (ایس ڈی جی 4) کے حصول کے لئے پرعزم ہے۔