• news

پرویز الٰہی کو سہولتیں فراہم نہ کرنے پر متعلقہ افسروں کے خلاف توہین عدالت کی درخواست 

لاہور (خبر نگار) لاہور ہائیکورٹ میںعدالتی حکم کے باوجود سابق وزیر اعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الہی کو جیل میں سہولیات فراہم نہ کرنے کے معاملہ پر ایڈیشنل چیف سیکرٹری ہوم، آئی جی جیل خانہ اور افسران کے خلاف توہین عدالت کی درخواست دائر کر دی گئی ہے۔ چوہدری پرویز الہی کے وکیل آصف محمود چیمہ نے درخواست دائر کی۔ درخواست میں موقف اپنایا گیا ہے کہ چوہدری پرویز الہی نے جیل میں سہولیات نہ ملنے پر عدالت سے رجوع کیا۔ متعلقہ افسران نے عدالت میں پیش ہوکر چوہدری پرویز الہی کوسہولیات کی فراہمی کا بیان دیا۔ عدالت نے افسران کے بیان کی روشنی میں درخواست نمٹا دی۔ متعلقہ افسران نے عدالت میں غلط بیان دیا اور پرویز الہی کو سہولیات فراہم نہیں کی گئیں۔ لاہور ہائی کورٹ کے جسٹس انوارالحق نے سابق وزیر اعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الہی کے خلاف مقدمات خارج ہونے کے معاملہ پر پنجاب حکومت نے 3 مقدمات میں چوہدری پرویزالٰہی کو ڈسچارج کرنے کے خلاف اپیل پر سماعت کی۔ عدالت نے نوٹسز کی تعمیل نہ ہونے پر چوہدری پرویز الہی کو دوبارہ نوٹس جاری کرنے کی ہدایت کر دی۔ لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس امجد رفیق نے چودھری پرویز الہٰی کی 2 مقدمات میں حفاظتی ضمانت کی درخواست پر سماعت کی۔ سابق وزیراعلیٰ پنجاب کے سینئر وکیل عدالت میں پیش نہ ہوئے۔ جونیئر وکیل نے بتایا کہ منی لانڈرنگ کے مقدمے میں چودھری پرویز الہٰی جوڈیشل ہو چکے ہیں۔ جونیئر وکیل نے عدالت سے استدعا کی کہ ہم درخواستیں واپس لینا چاہتے ہیں جس پر عدالت نے حفاظتی ضمانت کی درخواستیں واپس لینے کی بنیاد پر کیس نمٹا دیا۔ دوسری طرف لاہور ہائیکورٹ نے سابق پرنسپل سیکرٹری محمد خان بھٹی کو اینٹی کرپشن کے مقدمات سے ڈسچارج کرنے کے خلاف اپیل پر سماعت کی فاضل عدالت نے حکومتی اپیل پر محمد خان بھٹی کی تعمیل کے لئے دوبارہ نوٹس جاری کر دئیے۔ عدالت کا محمد خان بھٹی کی تعمیل کروا کر 11 جولائی کو رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت۔

ای پیپر-دی نیشن