• news

وزیرسائنس و ٹیکنالوجی پیش، 2 ماہ کی حکومت رہ گئی عزت سے معاملات نمٹا کر گھر جائیں : اسلام آباد ہائیکورٹ

 اسلام آباد (وقائع نگار) اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس بابر ستار کی عدالت میں زیر سماعت قائم مقام ڈی جی پاکستان سٹینڈر اینڈ کوالٹی کنٹرول غلام فاروق کی تعیناتی کے خلاف کیس میں وزیر سائنس اینڈ ٹیکنالوجی اور سیکرٹری کے خلاف توہین درخواست میں وفاقی وزیر آغا حسن بلوچ عدالتی حکم پر عدالت میں پیش ہوئے، عدالت نے مہلت دےدی۔ وفاقی وزیر سائنس و ٹیکنالوجی نے عدالت کو بتایا کہ ڈی جی پاکستان سٹینڈر اینڈ کوالٹی کنٹرول کی مستقل تعیناتی کا معاملہ کابینہ کو بھیجا ہے، ایک ہفتے میں کابینہ مستقل تعیناتی کا فیصلہ کردے گی۔ عدالت نے استفسار کیا کہ سیکرٹری سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کہاں ہیں؟ وہ کیوں نہیں آئے؟، جس پر وفاقی وزیر آغا حسن بلوچ نے بتایا کہ سیکرٹری صاحب بیمار ہیں، میں خود بیمار ہوں، میرا ٹرانسپلانٹ ہوا ہے۔ جسٹس بابر ستار نے کہا کہ آپ پارلیمنٹیرینز ہیں آپ کو بلانا ہمیں بھی اچھا نہیں لگتا۔ جسٹس بابر ستارنے ریمارکس دیے کہ ٹوٹل دو ماہ کی تو حکومت رہ گئی ہے عزت سے معاملات نمٹا کر گھر جائیں۔ عدالت نے معاملہ کابینہ کو بھیجنے پر چار ہفتوں بعد پیش رفت رپورٹ طلب کرتے ہوئے کہاکہ عدالت توقع کرتی ہے وفاقی کابینہ مستقل تعیناتی سے متعلق ہائیکورٹ کے حکم پر عمل درآمد کرے گی۔ عدالت نے مذکورہ بالا اقدامات کے ساتھ سماعت ملتوی کردی۔
 اسلام آباد ہائیکورٹ 

ای پیپر-دی نیشن