• news

بجلی کی گھنٹوں غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ، گرمی اور حبس سے شہری بلبلا اٹھے ، نظام زندگی مفلوج 

اسلام آباد‘ لاہور‘ وزیرآباد‘ چناب نگر‘ قلعہ دیدار سنگھ‘ سمبڑیال (نمائندہ خصوصی+ نامہ نگاران) ملک بھر میں گرمی بڑھتے ہی طویل لوڈشیڈنگ کا دورانیہ 10 گھنٹے تک پہنچ گیا، بجلی کا شارٹ فال 6 ہزار 160 میگا واٹ ہوگیا۔ ذرائع پاور ڈویژن کا کہنا ہے کہ بجلی کی مجموعی پیداوار 20 ہزار 540 میگاواٹ ہے جبکہ ملک بھر میں بجلی کی طلب 26 ہزار 700 میگاواٹ ہے۔ ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ پن بجلی کی پیداوار 8 ہزار میگاواٹ ہے، سرکاری تھرمل پاور پلانٹس 570 میگاواٹ بجلی پیدا کر رہے ہیں، نجی شعبے کے بجلی گھروں کی پیداوار 7 ہزار 300 میگاواٹ ہے۔ پاور ڈویژن ذرائع نے کہا کہ ونڈ پاور پلانٹس سے بجلی کی پیداوار 1200 میگاواٹ ہے، سولر بجلی گھروں کی پیداوار 120 میگاواٹ ہے، بگاس سے 150 میگاواٹ بجلی پیدا کی جا رہی ہے جبکہ نیوکلیئر پاور پلانٹس کی پیداوار 3 ہزار 200 میگاواٹ ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ ملک بھر میں 8 سے 10 گھنٹے تک لوڈشیڈنگ کی جا رہی ہے۔گرمی بڑھتے ہی لاہور الیکٹرسٹی سپلائی کمپنی (لیسکو) کی بجلی کی طلب بھی 5400 میگاواٹ سے تجاوز کر گئی جس کے باعث بدترین غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کا سلسلہ جاری ہے۔ لیسکو کو 800 میگاواٹ بجلی کے شارٹ فال کا سامنا ہے۔ لیسکو نے شارٹ فال زیادہ ہونے کے باعث شہر میں 2 گھنٹے لوڈشیڈنگ کا شیڈول جاری کیا جبکہ شیڈول کے برعکس شہر کے مختلف علاقوں میں 3 سے 4 گھنٹے لوڈشیڈنگ کی جا رہی ہے۔ ترسیلی سسٹم پر لوڈ بڑھتے ہی لیسکو کے اوور لوڈڈ ٹرانسفارمرز جواب دے گئے، شہر کے مختلف علاقوں میں ٹرانسفارمرز جلنے اور دیگر تکنیکی خرابیوں کے باعث گھنٹوں بجلی بند رہنا معمول بن گیا ہے۔شہر کے مختلف علاقوں میں رات بھر بجلی کی آنکھ مچولی کا سلسلہ جاری رہا ، ٹرانسفارمرز جلنے سے متعدد علاقے رات سے بجلی سے محروم ہیں۔چناب نگر سے نمائندہ خصوصی کے مطابق چناب نگر میں گرمی کی شدت کے ساتھ بجلی کی غیراعلانیہ لوڈشیڈنگ کا دورانیہ 08 گھنٹے سے تجاوز کر گیا۔ ہر گھنٹے بعد گھنٹے کی لوڈشیڈنگ جاری ہے جس سے نظام زندگی بری طرح متاثر ہو گیا۔ قلعہ دیدار سنگھ سے نمائندہ خصوصی کے مطابق جیسے جیسے گرمی کی شدت میں اضافہ ہو رہا ہے‘ اس کے ساتھ ساتھ قلعہ دیدار سنگھ اور گردونواح میں بجلی کی طویل غیراعلانیہ لوڈشیڈنگ کا سلسلہ بھی جاری ہے جس کا دورانیہ مسلسل 24 گھنٹے سے بھی تجاوز کر گیا ہے۔ طویل لوڈشیڈنگ سے شہری بلبلا اٹھے۔ گھروں میں خواتین اور بچے گرمی سے نڈھال اور پانی کی بوند بوند کو ترسنے لگے ہیں۔ نظام زندگی بری طرح متاثر ہو گیا۔ شہریوں نے حکام بالا سے اپیل کی ہے کہ بجلی کی غیراعلانیہ لوڈشیڈنگ کا سلسلہ بند کروایا جائے۔ وزیرآباد سے نامہ نگار کے مطابق شہر و گردونواح میں بجلی کی غیراعلانیہ لوڈشیڈنگ نے عوام کا جینا دوبھر کر دیا۔سخت گرمی اور حبس میں خواتین‘ بچے‘ بوڑھے اور مریض بلبلا اٹھے۔ غیراعلانیہ لوڈشیڈنگ نے زندگی مفلوج کرکے رکھ دی۔ عوام گرمی اور حبس سے پہلے ہی پریشان‘ اوپر سے بجلی کی 16, 16 گھنٹے کی لوڈشیڈنگ نے برا حال کر دیا۔ راتیں جاگ جاگ کر عوام ذہنی مریض بن کر رہ گئی۔ حکومت اور اپوزیشن ملک سے مہنگائی‘ بجلی‘ گیس کی لوڈشیڈنگ‘ لاقانونیت‘ بیرزگاری ختم کرنے کی بجائے غریب عوام کو ختم کرنے کی پالیسی پر گامزن ہے۔ وزیر پانی و بجلی و گیپکو کے اعلیٰ حکام سے اصلاح احوال کا مطالبہ کیا ہے۔ سمبڑیال سے نمائندہ نوائے وقت کے مطابق سمبڑیال وگردونواح میں غیر اعلانیہ بدترین لوڈ شیڈنگ نے شہریوں کی چیخیں نکلوا دیں، ماہ جون میں گرمی کی شدت اور حبس سے بیشتر مقامات پر ضعیف العمر افراد سمیت معصوم بچے بے ہوش، گرمی اور لوڈ شیڈنگ کے ستائے شہریوں کی اکثریت ہسپتالوں میں پہنچ گئی، کاروبار زندگی مفلوج ہوکر رہ گیا۔ حکومت آئے روز بجلی کی قیمتوں میں اضافہ تو کرتی رہتی ہے لیکن بجلی کی ترسیل کا نظام ویسے کا ویسا ہی ہے ۔ٹوبہ ٹیک سنگھ سے نامہ نگار کے مطابق گرمی کی شدت میں اضافے کے ساتھ ہی ٹوبہ ٹیک سنگھ شہر اور گردونواح میں بجلی کی غیراعلانیہ لوڈشیڈنگ کا سلسلہ زور پکڑ گیا ہے۔ دن اور رات کے اوقات میں گھنٹوں گھنٹوں بجلی بند رہنا معمول بن گیا ہے۔

ای پیپر-دی نیشن