• news

 منظور کردہ پوائنٹس کے سوا مویشی منڈیاں نہ لگانے کا حکم


لاہور(نامہ نگار)انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے کہاہے کہ عید قربان کی مناسبت سے لاہور سمیت صوبہ بھر میں مویشی منڈیوں، بیوپاریوں، شہریوں کی سکیورٹی اور ٹریفک مینجمنٹ کیلئے فول پروف انتظامات یقینی بنائے جائیں اور مویشی منڈیوں میں آنے والے بیوپاریوں، خریدار شہریوں کی جان ومال کے تحفظ کیلئے جامع حکمت عملی کے تحت اقدامات کئے جائیں۔ آئی جی پنجاب نے ہدایت کی کہ سپروائزری افسران مویشی منڈیوں کی سکیورٹی اور ٹریفک مینجمنٹ کے انتظامات کا خود جائزہ لیں، ضلعی انتظامیہ کے منظور کردہ پوائنٹس کے علاوہ کسی بھی جگہ مویشی منڈیاں لگانے کی ہرگز اجازت نہ دی جائے۔ترجمان پنجاب پولیس نے بتایا کہ صوبہ بھر میں سرکاری سطح پر قائم کی گئی247 مویشی منڈیوں کی سکیورٹی کے فرائض 5 ہزار سے زائد افسران واہلکار سر انجام دے رہے ہیں جبکہ صوبائی دارالحکومت کی مویشی منڈیوں کی سکیورٹی کیلئے ایک ہزار سے زائد افسران و اہلکار تعینات ہیں۔ ڈاکٹر عثمان انور نے کہاکہ بیوپاریوں اور شہریوں کو جعلی کرنسی سے لوٹنے والے نوسر بازوں کے خلاف سخت ایکشن لیا جائے، بیوپاریوں، خریداروں کو جیب تراشوں اور جرائم پیشہ افراد سے محفوظ رکھنے کیلئے موثر اقدامات کئے جائیں۔

ای پیپر-دی نیشن