وزیر ٹرانسپورٹ کی عیدالاضحی پر کرایوں کی سخت مانیٹرنگ کی ہدایت
لاہور(نیوز رپورٹر)نگران وزیر ٹرانسپورٹ، لائیوسٹاک و ڈیری ڈویلپمنٹ، معدنیات ابراہیم حسن مراد نے عیدالاضحی پر ٹرانسپورٹ کرایوں کی سخت مانیٹرنگ کی ہدایت کی ہے۔ وزیر ٹرانسپورٹ کی ذمہ داریاں سنبھالتے ہی انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ عید کے موقع پر آبائی علاقوں کو جانے والے مسافروں سے زائد کرایوںکی وصولی ہر صورت میں روکیں گے۔ نگران وزیراعلیٰ محسن نقوی نے مسافروں کو ہر ممکن سہولیات کی فراہمی کا حکم دیا ہے۔ ابراہیم حسن مراد نے سیکرٹری ٹرانسپورٹ پنجاب کو اوورچارجنگ کی روک تھام کیلئے خصوصی سکواڈ تشکیل دینے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ لاری اڈوں پر مسافروں کیلئے کاﺅنٹر قائم کرنے کا بھی جائزہ لیا جائے۔ صوبائی وزیر ٹرانسپورٹ نے خبردار کیا کہ مسافروں کی شکایات پر فوری ایکشن لیا جائے گا۔ اوورچارجنگ کی شکایت پر بس سٹینڈ کے خلاف سخت کارروائی ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ اس حوالے سے ٹرانسپورٹرز کی تنظیموں کو بھی اعتماد میں لیا جائے۔