• news

 ڈاکٹر عافیہ صدیقی کی رہائی کےلئے ملک گیر مہم چلائی جائے گی:متحدہ علما کونسل 

گوجرانوالہ (نمائندہ خصوصی )متحدہ علما کونسل پاکستان کے چیئرمین مولانا عبدالروف ملک ،چیئرمین متحدہ علما بورڈ پنجاب مولانا ڈاکٹر راغب حسین نعیمی،مرکزی صدر متحدہ علما کونسل مولانا زہد الراشدی ،رہنما جماعت اسلامی ڈاکٹر فرید احمد پراچہ ،مرکزی سیکرٹری جنرل سردار محمد خان لغاری ،ڈپٹی سیکرٹری ڈاکٹر ملک محمد سلیم ،مولانا عبدالغفار روپڑی،ڈاکٹر محمد امین و دیگر نے مشترکہ بیان میں کہا ہے کہ ڈاکٹر عافیہ صدیقی کی رہائی اور سٹیٹ بینک کے آئی ایم ایف سے آزادی کیلئے ملک گیر مہم چلائی جائے گی۔انہوں نے متحدہ علما کونسل کے زیر اہتمام آسٹریلیا مسجد لاہور میں اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سود سے متعلق وفاقی شرعی عدالت کے فیصلے پر عملدر آمد کے حوالے سے حکومتی کارکردگی سے مطمئن نہیں ۔انہوں نے اجلاس میں حکومت سے مطالبہ کیا کہ پارلیمنٹ سٹیٹ بینک کی خود مختاری کا فیصلہ واپس لے۔ڈاکٹر عافیہ صدیقی کی رہائی کیلئے حکومت پاکستان بھرپور سفارتی کردار ادا کرے ۔متحدہ علما کونسل کے اجلاس میں مشترکہ طور پر فیصلہ کیا گیا ہے کہ عافیہ صدیقی کی رہائی اور سٹیٹ بینک کی آئی ایم ایف سے آزاد ی کے لیے تمام مکاتب فکر کے علما سے رابطہ کے بعد جلد ملک گیر مہم چلائے گی ۔اجلاس میں پاکستان کے معاشی معاملات میں آئی ایم ایف کی بے جا مداخلت کی شدید مذمت کی گئی ۔اجلاس کے آخر میں چیئرمین متحدہ علما بورڈ پنجاب مولانا ڈاکٹر راغب حسین نعیمی کے اعزاز میں ظہرانہ دیا گیا جس میں کثیر تعدا میں علما کرام نے شرکت کی۔

ای پیپر-دی نیشن