طلباء کی چھٹیاں مفید بنانے کیلئے اساتذہ موثر حکمت عملی بنائیں: سید وقاص جعفری
لاہور(لیڈی رپورٹر)ضدارِ ارقم گروپ آف سکولز کے چیف ایگزیکٹو آفیسر اور معروف ماہر تعلیم و سماجی شخصیت سید وقاص جعفری نے کہا ہے کہ اساتذہ طلباء کی گرمیوں کی چھٹیاں کارآمد بنانے کیلئے بھرپور کردار ادا کریں اور انہیں ہم نصابی سرگرمیوں پر مائل کرنے کیلئے حکمت عملی تشکیل دیں۔ ہم دارِ ارقم کے طلباء کو ہر میدان کیلئے خودمختار اور کارآمد بنانے کیلئے ہم پرعزم اور تیار ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے سی ای او کلب میں دارِ ارقم سکولز کے ڈائریکٹرز اور پرنسپلز کے ٹریننگ سیشن سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ طلباء کی چھٹیاں مفید بنانے کیلئے ڈائریکٹرز اور پرنسپلز بھرپور منصوبہ بندی کرتے ہوئے طلباء کو آگے بڑھنے کے مواقع فراہم کریں اور ان کی گرومنگ کیلئے ایک موثر روڈ میپ بنائیں۔ سید وقاص جعفری نے مزید کہا کہ دارِ ارقم کے منشور کے مطابق طلباء کی تعلیم و تربیت ہمارا منفرد خاصہ ہونا چاہئے۔ سید وقاص جعفری نے معیاری تعلیم و تربیت کے معاملے میں دارِ ارقم کے دیگر تعلیمی نیٹ ورکس سے منفرد ہونے پر ڈائریکٹرز اور پرنسپلز کی کاوشوں کی تعریف بھی کی۔ انہوں نے کہا کہ تعلیمی اداروں کی کامیابی منشور پر من و عن عمل کرنے میں ہی پنہاں ہے۔ اس موقع پر سید وقاص جعفری نے شرکاء میں تعریفی استاد بھی تقسیم کیں۔