سندر ٹریڈ وفد کی اظہر علی کی قیادت میں چیئرمین لیسکو بورڈ سے ملاقات ،مسائل پرگفتگو
لاہور(کامرس رپورٹر ) سندر سٹیٹ کے صنعتکاروں کے مسائل کو مدنظر رکھتے ہوئے صنعتکاروں کی نمائندہ تنظیم سندر ٹریڈ اینڈ انڈسٹری ایسوسی ایشن کے وفد نے ملک اظہر علی صدر سندر ٹریڈ اینڈ انڈسٹری ایسوسی ایشن کی قیادت میں چیئرمین لیسکو بورڈ حافظ محمد نعمان سے ملاقات کی۔ ملاقات کے موقع پر عرفان اقبال شیخ صدر وفاق ایوان تجارت و صنعت پاکستان اور معروف صنعتکار عمر فاروق و دیگر بھی موجود تھے۔ اس موقع پر صدر ایسوسی ایشن، ملک اظہر علی نے چیئرمین لیسکو بورڈ کو سندر انڈسٹرئل سٹیٹ میں بجلی سے متعلق صنعتکاروں کو درپیش مسائل کے بارے میں آگاہ کیا۔ صدر ایسوسی ایشن نے کہا کہ سندر سٹیٹ میں لگنے والی انڈسٹری کو مدنظر رکھا جائے تو سندر سٹیٹ کو ملنے والی موجودہ بجلی ناکافی ہے لہٰذا سندر انڈسٹریل سٹیٹ کیلئے بجلی کے لوڈ کو بڑھایا جائے۔ صنعتکاروں کے مسائل کو چیئرمین لیسکو بورڈ کے سامنے رکھتے ہوئے صدر ایسوسی ایشن نے کہا کہ ٹی 4 پر عارضی طور پر دیا گیا 20MW کے لوڈ کو جلد ریگولرائز کیا جائے موجودہ سسٹم میں بیک اپ کیلئے 40MVA ٹرانسفارمر کی خریداری کیلئے ڈیمانڈ نوٹس جلد از جلد جاری کیا جائے۔ صنعتکاروں کے مسائل کو مدنظر رکھتے ہوئے لیسکو بورڈ کے چیئرمین حافظ نعمان نے صنعتکاروں کے مسائل کو جلد از جلد حل کرنے کیلئے سندر سٹیٹ کا دورہ کرنے پر آمادگی کی اظہار کیا۔