حادثہ سے بری الذمہ ہونے کیلئے آبدوز کمپنی نے مسافروں سے معاہدے پر دستخط کرائے تھے
واشنگٹن‘ اسلام آباد‘ کراچی (آئی این پی+ این این آئی+ خصوصی نامہ نگار) آبدوز کمپنی اوشین گیٹ نے ٹائی ٹینک کا ملبہ دیکھنے کے لئے جانے سے پہلے ہی کسی بھی حادثے سے خود کو بری الذمہ قرار دینے کیلئے مسافروں سے معاہدے پر دستخط کرا لئے تھے۔ قانونی ماہرین نے بتایا ٹائٹن کے مسافروں سے دستخط شدہ حادثے سے ذمہ داری کی چھوٹ سے اوشین گیٹ کے مالک کو لواحقین کے ممکنہ قانونی چارہ جوئی سے نہیں بچا سکتی۔ پاکستان نے شمالی بحر اوقیانوس میں سمندری آبدوز کے حادثے کی افسوسناک اطلاعات پر داﺅد خاندان اور دیگر مسافروں کے اہلخانہ سے گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ ترجمان دفتر خارجہ ممتاز زہرہ بلوچ نے ایک بیان میں کہا کہ لاپتہ آبدوز کی تلاش کیلئے گزشتہ کئی روز سے جاری کثیر ملکی کوششیں قابل ستائش ہیں۔ پاکستانی نژاد تاجر شہزادہ داو¿د اور ان کے 19 سالہ بیٹے سلیمان کے اہل خانہ نے کہا ہے کہ بحر اوقیانوس میں لاپتہ ہونے والی آبدوز کو تلاش کرنے کی کوششوں میں شامل تمام افراد کے شکرگزار ہیں۔ شہزادہ داو¿د کے والدین حسین اور کلثوم داو¿د کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ آبدوز ٹائٹن کے ریسکیو آپریشن میں شامل تمام لوگوں کی انتھک کوششیں ہمارے لیے طاقت کا باعث بنی تھیں، ہم ان تمام افراد کے بھی مشکور ہیں جو اس مشکل وقت میں ہمارے ساتھ کھڑے رہے۔ شہزادہ داو¿د اور سلیمان کی آخری رسومات کی تفصیلات کا اعلان جلد کیا جائے گا۔ دونوں کے مارے جانے کی تصدیق بھی کر دی۔ آبدوز کی مالک کمپنی اوشین گیٹ اور امریکی کوسٹ گارڈز نے پاکستانی صنعتکار حسین داﺅد کے بیٹے شہزادہ دا¶د اور پوتے سلیمان داﺅد سمیت تمام 5 مسافروں کی ہلاکت کی تصدیق کردی۔ برطانیہ کے وزیر خارجہ جیمز کلیورلی نے ٹائٹن آبدوز سانحہ پر لواحقین سے اظہار تعزیت کیا ہے۔ میڈیارپورٹس کے مطابق جیمز کلیورلی نے کہا کہ ٹائٹن سانحہ میں جاں بحق سلیمان دا¶د سکاٹ لینڈ کی یونیورسٹی کے طالبعلم تھے۔ انہوں نے کہا کہ ناگہانی موت نے یونیورسٹی اساتذہ اور طلبہ کو بھی افسردہ کردیا ہے۔ دوسری جانب ساتھی طلبہ کا کہنا تھا کہ سلیمان سائنس اور ایڈونچر کا شوقین تھا۔ ہالی ووڈ کی مشہور فلم ’ٹائٹینک‘ کے ڈائریکٹر جیمز کیمرون نے ٹائٹن آبدوز کے ساتھ پیش آئے واقعہ پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ ٹائٹینک جہاز کے ملبے کی سیر کیلئے جانے کی خواہش رکھنے والوں کو اس افسوسناک واقعے سے سبق سیکھنا چاہئے۔ جیمز کیمرون کا کہنا تھا کہ وہ کئی بار ٹائٹینک کی باقیات دیکھنے کیلئے جا چکے ہیں۔ آبدوز کی تیاری میں حائل انجینئرنگ مشکلات اور سیفٹی پروٹوکول سے واقف ہوں۔ ٹائٹینک جہاز اور ٹائٹن کو پیش آنے والے حادثے میں مماثلت نے حیرت میں ڈال دیا ہے۔