پی ٹی آئی کی ڈاکٹر شاہینہ نے سیاست چھوڑ دی ، جمشید چیمہ پھر گرفتار
لاہور‘ اسلام آباد‘ ڈیرہ غازی خان (خبر نگار+ نامہ نگار+ نوائے وقت رپورٹ+ این این آئی) ڈیرہ غازی خان سے پی ٹی آئی کی سابق ممبر پنجاب اسمبلی ڈاکٹر شاہینہ کھوسہ نے سیاست چھوڑنے کا اعلان کر دیا۔ یہ بات ڈاکٹر شاہینہ کھوسہ نے جاری کیے گئے ویڈیو بیان کے ذریعے کہی۔ سابق ایم پی اے ڈاکٹر شاہینہ کھوسہ نے مطالبہ کیا ہے کہ 9 مئی کے واقعات میں ملوث شر پسندوں کو سزا دی جائے۔ ادھر تحریک انصاف کے سابق رہنما جمشید چیمہ کو پولیس نے دوبارہ گرفتار کر لیا ہے۔ مسرت جمشید چیمہ نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں بتایا ہے کہ پہلے بھی ہمارے ساتھ جیل میں جنگی قیدیوں والا سلوک روا رکھا گیا تھا۔ دوسری طرف سوشل میڈیا پر قومی اداروں کیخلاف بیانات پر ایف آئی اے سائبر کرائم نے جمشید چیمہ کو 26 جون کو طلب کر لیا۔ اسلام آباد ہائیکورٹ سے نو مئی واقعات کے تحت درج مقدمات میں سابق وفاقی وزراءشاہ محمود قریشی اور اسد عمر کو عبوری ریلیف مل گیا۔ اسلام آباد ہائیکورٹ نے دونوں رہنماﺅں کی دس جولائی تک عبوری ضمانت منظور کرتے ہوئے پولیس کو گرفتاری سے روک دیا۔ انسداد دہشت گردی عدالت نے سابق گورنر پنجاب عمر سرفراز چیمہ کی اہلیہ رابعہ سلطان کو جناح ہاﺅس حملہ کے مقدمے میں شاخت پریڈ کیلئے جیل بھیج دیا ہے۔ عدالت نے حکم دیا کہ شاخت پریڈ کا عمل چار دنوں میں مکمل کیا جائے۔