پشاور: مخالفین کی فائرنگ سے قومی باکسر قتل‘ 2 زخمی
پشاور (نیٹ نیوز) پشاور کے نواحی علاقے پھندو میں مسلح ملزمان نے فائرنگ کر کے قومی باکسر جہانزیب خان کو قتل کر دیا۔ پولیس کے مطابق پشاور کے علاقے پھندو میں دو ملزمان نے باکسر جہانزیب خان پر فائرنگ کی جس سے وہ جاں بحق جبکہ ان کے دو ساتھی زخمی ہو گئے۔ ملزمان کارروائی کے بعد فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ مقتول باکسر نے گزشتہ دنوں ملزمان کے گھر پر فائرنگ کی تھی، مقدمہ درج کرکے واقعہ کی تفتیش شروع کر دی گئی ہے۔ دوسری جانب سیکرٹری جنرل خیبر پختونخوا باکسنگ ایسوسی ایشن سید کمال خان نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ جہانزیب خان باکسنگ کا قومی کھلاڑی تھا، مقتول جہانزیب نے 2019 میں نیشنل گیمز میں حصہ لیا تھا، وہ 2013 سے باکسنگ سے وابستہ تھے۔