مہنگائی شرح میں مزید 0.33 فیصد اضافہ ،20 اشیاءضروریہ کی قیمتیں بڑھیں ،12 میں کمی : ادارہ شماریات
اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) ادارہ شماریات کے مطابق ایک ہفتے میں مہنگائی کی شرح میں مزید 0.33 فیصد کا اضافہ ہو گیا، سالانہ بنیادوں پر مہنگائی کی مجموعی شرح 34.05 فیصد ریکارڈ کی گئی۔ادارہ شماریات نے ہفتہ وار مہنگائی کے اعداد و شمار جاری کر دیئے، جس کے مطابق ایک ہفتے میں 20 اشیاء ضروریہ کی قیمتوں میں اضافہ ہوا، ایک ہفتے میں 12 اشیاءکی قیمتوں میں کمی اور 19 میں استحکام رہا۔ اعداد و شمار کے مطابق اٹے کا 20 کلو تھیلہ 124 روپے 52 پیسے اضافے کے ساتھ 2639 روپے کا ہوگیا۔ آلو 2 روپے، چینی 3 روپے اور دال ماش 5 روپے فی کلو مہنگی ہوئی، ماچس کا پیکٹ 9 روپے اور لہسن 3 روپے فی کلو مہنگا ہوا۔ مرغی کا گوشت 4 روپے، مٹن 15 روپے اور بیف 7 روپے فی کلو مہنگا ہوا، کیلے 11 روپے درجن، ایل پی جی کا گھریلو سلنڈر15 روپے سستا ہوا۔رپورٹ کے مطابق پیاز2 روپے، ٹماٹر 1 روپیہ اور سرسوں کا تیل 2 روپے فی کلو سستا ہوا، ڈھائی کلو گھی کا ڈبہ 23 روپے اور کوکنگ ائل 20 روپے سستا ہوا۔