• news

الیکٹرک بسوں کے منصوبے میں جلد پیشرفت ہونی چاہیے: وزیر ٹرانسپورٹ

لاہور(نیوز رپورٹر)نگران وزیر ٹرانسپورٹ، لائیوسٹاک و معدنیات ابراہیم حسن مراد نے ہدایت کی ہے کہ گاڑیوں کے فٹنس سر ٹیفکیٹ کا میکانزم مزید موثر بنایا جائے۔ سرکاری گاڑیوں کی فٹنس کی بھی مانیٹرنگ ہونی چاہیے۔ وزیر ٹرانسپورٹ کا قلمدان سنبھالنے کے بعد ٹرانسپورٹ ہاﺅس کے دورے میں بریفنگ اجلاس کے دوران انہوں نے ہدایت کی کہ الیکٹرک بسوں کے منصوبے میں جلد پیشرفت ہونی چاہیے۔ ماحول دوست بسوں کے منصوبے کے حوالے سے خود وزیراعلیٰ محسن نقوی سے بات کرونگا۔ ابراہیم مراد نے کہا کہ محکمہ ٹرانسپورٹ کے افسران گاہے بگاہے ماس ٹرانسپورٹ پر سفر کیا کریں تاکہ انہیں پبلک ٹرانسپورٹ سے متعلق شہریوں کی شکایات کا پتہ چل سکے۔ محکمانہ بریفنگ میں سیکرٹری ٹرانسپورٹ پنجاب عثمان علی خان نے بتایا کہ محکمہ ٹرانسپورٹ کی 11 ترقیاتی سکیموں پر کام جاری ہے۔ پنجاب میں ماحول دوست الیکٹرک بسیں چلائی جائیں گی۔ الیکٹرک بسوں کے منصوبے پر 3400 ملین روپے لاگت کا تخمینہ ہے۔ سیکرٹری نے بتایا کہ محکمہ ٹرانسپورٹ نے حالیہ عرصے کے دوران مختلف بس سٹاپس پر 200 شیلٹر بنائے ہیں۔ عثمان علی نے کہا کہ 127 ملین روپے کی لاگت سے پنجاب ڈیجیٹل ٹرانسپورٹ گورننس پراجیکٹ پر بھی کام جاری ہے۔

ای پیپر-دی نیشن