ریاست کیلئے زندگیاں اہم نہ ہو تو عوام کا اعتماد اٹھ جاتا ہے:اختر ڈار
شیخوپورہ (نمائندہ خصوصی) پاکستان تحریک انصاف نظریاتی کے چیئر مین اختر اقبال ڈار نے کہا ہے کہ جب ریاست کیلئے آپ کی زندگیاں اہم نہ ہو تو پھر عوام کا ریاست سے اعتماد اٹھ جاتا ہے۔ ایک طرف شہباز شریف پوری دنیا سے بھیک مانگ رہا ہے۔ دوسری جانب چیئر مین سینیٹ کیلئے ریٹائرمنٹ کے بعد مراعات کے بل کا اعلان قوم کیلئے انتہائی تکلیف دہ ہے۔ اس بل میں تاحیات وی وی آئی پروٹوکول 12 ملازمین 6گارڈ ڈھائی لاکھ گھر کا کرایہ 50لاکھ کا فرنیچر ایک لاکھ اپنے گھر میں رہنے کا ہوائی سفر میں اپنے 4 ساتھیوں کے فری ٹکٹ اپنے بچوں کیلئے چارٹر جہاز طلب کرنا اور مزید فنڈز کیلئے فنانس کمیٹی سے درخواست بھی کر سکتا ہے۔ فضائی حادثے کی صورت میں ایک کروڑ روپے ملنا جیسی مراعات ہیں۔مولانا فضل الرحمن اور اس کے بیٹے وفاقی وزیر مواصلات نے ایک کلومیٹر سڑک ایک ارب روپے میں بناکر ورلڈ ریکارڈ قائم کر دیا ہے۔ دوسری طرف قوم کے بچے روزگار کی تلاش میں کشتیوں میں ڈوب کر مر رہے ہیں۔ ملک میں بجلی گیس اور پینے کا صاف پانی نہیں ہے۔ امن و امان کی صورتحال خراب ہے مگر حکمرانوں کی عیاشیاں غریب عوام کے ٹیکسوں پر جاری ہیں ۔