• news

حج ،امت مسلمہ کے اتحاد ، آفاقی دین کی دعوت کا عالمگیر اجتماع بھی ہے:دردانہ صدیقی 


لاہور (لیڈی رپورٹر) جماعت اسلامی حلقہ خواتین کی مرکزی صدر دردانہ صدیقی نے کہا ہے کہ حج صرف ایک عبادت نہیں بلکہ امت مسلمہ کے اتحاد اور آفاقی دین کی دعوت کا عالمگیر اجتماع بھی ہے۔ حج مقصود و مبرور وہی ہے جس میں انسان کی کایا پلٹ جائے۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہار اسلامک سوسائٹی اٹلی (خواتین) کے زیر اہتمام عشرہ ذوالحج سیریز میں حج وعمرہ ٹریننگ ورکشاپ سے خطاب میں کیا۔ انہوں نے کہا کہ حج قرب الٰہی کا اہم ترین ذریعہ ہے اور رضائے الٰہی کے حصول اور بندگی رب میں معاون و مددگار بنتا ہے اس کیلئے تقوی اور اخلاص نیت شرط ہے۔ عالم اسلام کے عالمگیر اجتماع کی حامل اس عبادت کو تمام گناہوں سے چھٹکارے کا سرچشمہ بنا دیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ آج بھی حج میں وہی اخلاص و تقوی مطلوب ہے ۔جس نے حضرت ابراہیمؑ کو ان کی اولاد، خاندان اور تمام جاہ و دولت سے بے نیاز کر دیا تھا۔ حج کا مطلوب و مقصود یہی ہے کہ حج پر روانہ ہونے سے پہلے اپنے معاملات پر نگاہ ڈالی جائے۔حج انفرادی و اجتماعی عبادت ہے اس کے عالمگیر اثرات امت مسلمہ پر مرتب ہوتے ہیں۔

ای پیپر-دی نیشن