• news

واپڈا ، امارات کی کمپنی میں 2مفاہمتی یاد داشت پر دستخط

لاہور(نیوز رپورٹر)واپڈا اور پرائیویٹ آفس آف عزت مآب شیخ احمد دلموک المکتوم کے مابین آج مفاہمتی یادداشت کی 2 دستاویزات پر دستخط کئے گئے۔ دستاویزات پر چیئرمین واپڈا انجینئر لیفٹیننٹ جنرل سجاد غنی (ریٹائرڈ) اور شیخ احمد دلموک المکتوم نے اپنے اپنے اداروں کی جانب سے دستخط کئے۔ مفاہمتی یاد داشت کی ایک دستاویز کے مطابق دونوں اداروں کے مابین تعاون کا فریم ورک تشکیل دیا جائے گا، جس کے تحت واپڈا کے چھوٹے پن بجلی گھروں کی صلاحیت میں اضافہ کرنے کیلئے سرمایہ کاری کے مواقع تلاش کئے جائیں گے۔واپڈا کے اِن چھوٹے پن بجلی گھروں میں ایک میگاواٹ کا رینالہ، 22میگاواٹ کا رسول، 13.2میگاواٹ کا چیچوکی ملیاں اور 13.8میگاواٹ کا نندی پور شامل ہیں۔مفاہمتی یادداشت کی دوسری دستاویز کے مطابق واپڈا کے موجودہ پن بجلی گھروں کے آبی ذخائر پر فلوٹنگ سولر پاور پراجیکٹ قائم کرنے کیلئے سرمایہ کاری کے مواقع کا جائزہ لیا جائے گا۔ مفاہمتی یاد داشت کی دونوں دستاویزات کے مطابق دونوں ادارے مذکورہ منصوبوں کی تکنیکی اور اقتصادی فزیبلٹی کا جائزہ لینے کیلئے ایک دوسرے کے ساتھ مل کر کام کریں گے اور اِن منصوبوں پر عملدرآمد کا پلان تیار کریں گے۔

ای پیپر-دی نیشن