وزارت انسانی حقوق اسلام آباد سے لیگل ایڈ اینڈ جسٹس اتھارٹی کے وفد کا دورہ سنٹرل پولیس آفس
لاہور(نامہ نگار)وزارت انسانی حقوق اسلام آباد سے لیگل ایڈ اینڈ جسٹس اتھارٹی کے وفد نے ڈائریکٹر جنرل ڈاکٹر محمد رحیم اعوان کی قیادت میں سنٹرل پولیس آفس کا دورہ کیا، تین رکنی وفد نے ایڈیشنل آئی جی آپریشنز پنجاب شہزادہ سلطان سے ملاقات کی۔ایڈیشنل آئی جی ٹریننگ طارق رستم چوہان، اے آئی جی ٹریننگ فیصل مختار بھی موقع پر موجود تھے۔دوران ملاقات باہمی دلچسپی اور اے ڈی آر ٹریننگ کے سلسلے میں پیشہ ورانہ امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ غریب اور سماجی عدم تحفظ کا شکار شہریوں کو انصاف کی فراہمی میں قانونی معاونت فراہم کرنے پر اتفاق رائے کیا گیا۔ لیگل، فنانشل اور دیگر معاملات میں شہریوں کو ہر ممکن مدد اور راہنمائی فراہم کرنے کےلئے فریم ورک کی تشکیل پر غورو خوض ہوا۔ ایڈیشنل آئی جی آپریشنز شہزادہ سلطان نے کہاکہ شہریوں تک انصاف کی باآسانی رسائی یقینی بنانے کیلئے پولیس ملازمین کو اے ڈی آر ٹریننگ فراہم کی جائےگی، عدالتوں پر کیسز کا بوجھ کم کرنے کےلئے معمولی نوعیت کے کیسز کو باہمی مشاورت اور ثالثی سے حل کیا جائےگا۔