پیففا کاابو ظہبی پورٹ گروپ کی کراچی پورٹ پر سرمایہ کاری کا خیر مقدم
لاہور( کامرس رپورٹر)پاکستان انٹرنیشنل فریٹ فارورڈرز ایسوسی ایشن نے ابو ظہبی پورٹ گروپ کی جانب سے کراچی پورٹ پر سرمایہ کاری کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ تمام سٹیک ہولڈرز کو بھی اعتماد میں لیا جائے جس سے مثبت تجاویز سامنے آئیں گی۔ ائیر پورٹس کے آپریشنز کو آئوٹ سورس کرنے کے حوالے سے جاری پیشرفت بارے آگاہ کیا جائے۔ فریٹ فارورڈرز انتہائی اہمیت کا حامل شعبہ ہے جسے مشاورت کے عمل میں شامل رکھنا چاہیے۔ ان خیالات کا اظہار ایسوسی ایشن کے سینئر وائس چیئرمین رانا طارق محمود،سابق چیئرمین جمیل احمد،ایگزیکٹو کمیٹی کے ممبران اسد اللہ خان،فیضان اکرم،سیف اللہ خان،فرحان سلیم نے اپنے مشترکہ میں کیا۔ انہوںنے کہا کہ فریٹ فارورڈرز کا شعبہ حکومت کو سالانہ 6ارب روپے ٹیکس کی مد میں ادائیگی کرتا ہے۔ کرونا وباء کے بعد ڈالر زکی قلت کی وجہ سے ایل سیز نہ کھلنے کی وجہ سے اس شعبے سے وابستہ ہزاروں افراد شدید مشکلات سے دوچار ہیں۔ ابو ظہبی پورٹ گروپ کی جانب سے ٹرمینل میں22کروڑ ڈالر کی سرمایہ کاری انتہائی خوش آئند ہے جس سے تجارتی سرگرمیوں میں مزید اضافہ ہوگا۔ معاہدے کے نکات کے حوالے سے تمام سٹیک ہولڈرز کو بھی اعتماد میں لیا جائے تاکہ کسی موقع پر غلط فہمی کی فضا پیدا نہ ہو۔