• news

ایشین چیمپئنز ٹرافی ‘پاکستان ہاکی فیڈریشن نے حکومت سے اجازت مانگ لی

لاہور(سپورٹس رپورٹر) بھارت میں منعقد ہونیوالی ایشین ہاکی چیمپئنز شپ میں شرکت کیلئے پاکستان ہاکی فیڈریشن نے وفاقی حکومت سے این او سی کیلئے درخواست دیدی۔وفاقی حکومت کی طرف سے گرین سگنل ملنے کے بعد قومی ہاکی ٹیم اپنی قسمت آزمانے کیلئے بھارت جائے گی۔ ذرائع سے معلوم ہوا ہے پاکستان ہاکی فیڈریشن کے جنرل سیکرٹری حیدر حسین نے پاکستان سپورٹس بورڈ کے ڈائریکٹر جنرل شعیب کھوسہ سے ملاقات کے دوران این او سی کے بارے آگاہ کیا تھا۔واضح رہے کہ ایشین چیمپیئنز ٹرافی میں شرکت کیلئے قومی ہاکی ٹیم کیلئے شارٹ لسٹ کئے گئے کھلاڑیوں کا تربیتی کیمپ نیشنل ہاکی سٹیڈیم لاہور میں جاری ہے۔ ایشین ہاکی فیڈریشن نے بھارت کے شہر چنائے میں 3 تا 12 اگست چیمپیئنز ٹرافی کے شیڈول کا اعلان کردیا۔ ایونٹ میں تمام ٹیموں کا ایک ہی پول بنایا گیا ہے، جس میں بھارت، کوریا، ملائشیا، پاکستان، جاپان اور چین شامل ہیں۔شیڈول کے مطابق پاکستان اپنا پہلا میچ 3 اگست کو ملائشیا کیساتھ، دوسرا میچ 4 اگست کو کوریا، تیسرا میچ 6 اگست کو جاپان، چوتھا میچ 7 اگست کو چین جبکہ پانچواں میچ 9 اگست کو روایتی حریف بھارت کیساتھ کھیلے گا۔ایشین چیمپئز ٹرافی کا فائنل 12 اگست کو کھیلا جائیگا۔

ای پیپر-دی نیشن