ضلع قصور میں آٹھ ہزار ایکڑ رقبہ پرکپاس کی کاشت کا ہدف
حاجی شریف مہر
ڈپٹی کمشنر قصور محمد ارشد بھٹی کا شمار بیوروکریسی کے ایماندار اور متحرک افسران میں ہوتا ہے جو اپنی خدادادصلاحیتوں اور پیشہ وارانہ مہارت کے ساتھ ساتھ بہترین منتظم کی حیثیت سے پہنچانے جاتے ہیں۔ پنجاب سول سروسز سے تعلق رکھنے والے محمد ارشد بھٹی بحیثیت ڈپٹی کمشنر جھنگ، ایڈیشنل ڈائریکٹر پنجاب فوڈ اتھارٹی، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو قصور سمیت دیگر کئی کلیدی عہدوں پر کام کر چکے ہیں۔ قصور میں تعیناتی کے دوران انہوں نے ضلع کی تعمیر و ترقی کیلئے بے شمار اقدامات کئے ہیں۔ شہدائے پاکستان کو خراج تحسین پیش کرنے کیلئے یوم تکریم شہداء پاکستان کو جوش و جذبے کیساتھ منایا گیا جس کی مثال پہلے نہیں ملتی۔ عوامی فلاح و بہبود کیلئے نگران وزیر اعلی پنجاب محسن نقوی کی ہدایات پر فری آٹے کی فراہمی، شجرکاری مہم، پٹرول پمپس کے این او سی کا اجرائ، کپاس اگاؤ مہم،کلچر ڈے، ڈیجیٹل مردم شماری، پڑھو جگمگاؤ سکول داخلہ مہم، مصطفی آباد ماڈل سٹی پراجیکٹ، ڈینگی‘پولیو‘مصنوعی مہنگائی اور کرپشن کا خاتمہ سمیت دیگر کئی عوام دوست منصوبہ جات پر کام جاری ہے۔ ڈپٹی کمشنر اپنے آفس میں آنیوالے سائلین کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کر رہے ہیں۔ نگران وزیر اعلی پنجاب محسن نقوی سمیت سرکاری افسران نے شہداء کو خراج عقیدت پیش کرنے کیلئے مصطفی آباد گنجے شہداء پر شہداء کے مزارات پر پھول چڑھائے اور درجات کی بلند ی کیلئے فاتحہ خوانی کی۔ اس حوالے سے ڈی پی ایس میں پروقار تقریب کا انعقاد کیاگیا۔ جس میں ڈپٹی کمشنر محمد ارشد بھٹی، ڈی پی او طارق عزیز سندھو، پاکستان آرمی کے کرنل محمد عمر‘ تمام ضلعی محکمہ جات کے سربراہان و دیگر نے شرکت کی۔ شہداء پاکستان کو خراج عقیدت پیش کرنے کیلئے ملی نغمے اور ٹیبلو پیش کئے گئے۔ شہداء کی یاد کو تازہ کرنے کے لئے ڈاکومنٹری بھی دیکھی گئی۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر محمد ارشد بھٹی کا کہنا تھا کہ آج ہم وطن کے بہادر سپوتوں کو خراج تحسین پیش کرنے کیلئے اکٹھے ہوئے ہیں۔ پوری قوم کو اپنے بہادر شہداء پر فخر ہے۔ شہداء پاکستان ہمارے اصل ہیرو اور عظیم اثاثہ ہیں۔ شہداء نے مادر وطن کے تحفظ اور دفاع کیلئے بے شمار قربانیاں دیں۔ ملکی سالمیت اور سلامتی ہمارے شہداء کی گراں قدر خدمات کے بغیر ممکن نہیں۔ مادر وطن پر جان قربان کرنے پر شہداء کو سلام عقیدت پیش کرتے ہیں۔ شہداء نے اپنی جانوں کے نذرانے پیش کر کے اپنے آج کو ہمارے کل کیلئے قربان کیا۔ شہداء کی لازوال قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں ہونے دیا جائیگا۔ انہوں نے کہا کہ کوئی قوم اپنے شہداء کی قربانی کا صلہ نہیں دے سکتی جو قومیں اپنے شہیدوں کو بھول جاتی ہیں وہ مٹ جایا کرتی ہیں۔ وزیر اعظم پاکستان کے ویڑن اور نگران وزیر اعلی پنجاب کی خصوصی ہدایات پر رمضان المبارک میں ضلع بھر فری آٹے کی فراہمی کو یقینی بنایا گیا۔ وزیر اعظم پاکستان، نگران صوبائی وزیر اطلاعات عامر میر اور نگران صوبائی وزیر صحت نے دورہ قصور کے دوران ضلعی انتظامیہ کی جانب سے فری آٹے کے حصول کیلئے کئے جانیوالے انتظامات کو سراہا۔ ضلع کو سر سبز و شاداب بنانے کیلئے چھانگا مانگا جنگل میں ایک منٹ میں ایک لاکھ پودا لگا کر ریکارڈ قائم کیا گیا۔ علاوہ ازیں گرین بیلٹس، پارکس، سکولز، کالجز و دیگر پبلک مقامات پر بھرپور طریقے سے شجرکاری کی گئی۔ نگران وزیر اعلی پنجاب کے احکامات کی روشنی میں درخواست گزاروں کو پٹرول پمپس کے ترجیحی بنیادوں پر این او سی جاری کئے جا رہے ہیں۔ نگران وزیر اعلی پنجاب محسن نقوی کی ہدایات پرضلعی انتظامیہ کے زیر اہتمام زیادہ کپاس اگاؤ مہم 2023ء بھرپور طریقے سے جاری ہے۔ کسان بھائیوں کی آگاہی کیلئے ضلع بھر میں سیمینارز کا انعقاد کیا جارہا ہے۔اسی سلسلے میں پتوکی کے نواحی گاؤں ہنجرائے کلاں و دیگر علاقوں میں کسان کنونشنز سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر کا کہنا تھا کہ کسان بھائیوں کو سہولیات فراہم کرنے کیلئے ضلعی انتظامیہ تمام وسائل کو بروئے کار لا رہی ہے۔ کپاس ہماری زراعت کا اہم جزو ہے اسکی کاشت اور پیداوار میں اضافے کے لیے ترجیحی بنیادوں پر اقدامات کئے جا رہے ہیں۔ حکومت کی جانب سے کپاس کی کاشت کی بحالی اور فی ایکڑ پیداوار میں اضافے کیلئے تاریخی پیکیج کا اعلان کیا گیا ہے۔ حکومت کی طرف سے کپاس کی امدادی قیمت 8500 روپے فی من مقرر کی گئی ہے۔ ضلع کو 8 ہزار ایکڑ پر کپاس کی کاشت کا ہدف دیا گیا ہے۔ کسان بھائیوں کی سہولت کیلئے تحصیل کی سطح پر سہولت مراکز قائم کئے گئے ہیں جہاں کاشتکاروں کو بیج اور سپرے مقررہ قیمت پر دستیاب ہیں۔ کپاس کی کاشت کے علاقوں میں نہری پانی کی فراہمی کو ہر صورت یقینی بنایا جا رہا ہے۔ پنجاب بھر کی طرح ضلع قصور میں بھی کلچر ڈے بھرپور طریقے سے منایا گیا۔ گورنمنٹ گرلز ہائی سکول حاجی فرید روڈ میں اس حوالے سے خصوصی تقریب کا انعقاد کیاگیا جس میں ڈپٹی کمشنر ودیگر افسران نے روائتی پنجابی پگڑی پہن کر تقریب میں شرکت کی۔ تقریب میں طالبات نے مختلف ثقافتی ٹیبلو پیش کیے جبکہ ثقافتی دیہاڑ کی مناسبت سے چاٹی ریس، رسہ کشی و دیگر مقابلہ جات کا خصوصی طورپر انعقاد کیا گیا۔ ’’پڑھو اور جگمگاؤ سکول داخلہ مہم 2023ء ‘‘کے حوالے سے ضلع بھر میں بچوں کو سرکاری سکولوں میں داخل کروانے کی بھرپور مہم جاری ہے۔ ڈپٹی کمشنر نے گورنمنٹ ماڈل ہائی سکول میں خود بچوں کو داخل کر کے ان کو کتابیں اوریونیفارم دیں۔ ڈپٹی کمشنر محمد ارشد بھٹی نے ڈی سی ہاؤس پر نمبر لگا کر 7ویں ڈیجیٹل خانہ و مردم شماری کا افتتاح کیا اور ٹیبلٹ کے بارے میں معلومات حاصل کی۔ ضلع بھر میں کل 43چارج مردم شماری، 319سرکلز مردم شماری اور 3007بلاکس تھے جس پر 262سپروائزرز اور 1661شمار کنند گان کی ڈیوٹیاں لگائی گئیں تھیں۔ اسی طرح ڈیجیٹل مردم شماری کو بھی کامیابی کیساتھ مکمل کیا گیا۔ کمشنر لاہور ڈویڑن کی خصوصی ہدایات کی روشنی میں ضلعی انتظامیہ اور اخوت فاؤنڈیشن کے اشتراک سے مصطفی آباد کو ’’ماڈل سٹی‘‘بنانے کا منصوبہ شروع کیا جارہا ہے۔ جس کا تمام ہوم ورک مکمل کر لیا گیا ہے اور بہت جلد باقاعدہ کام کا آغاز کر دیا جائیگا۔ جس کے تحت پہلے مرحلے میں مختص کردہ علاقوں میں صفائی ستھرائی کے انتظامات کو بہتر کیا جائیگا۔ گھروں میں سولر سسٹم لگایا جائیگا، مساجد میں فوڈ بینک قائم کئے جائیگے اور ضرورت مند افراد کو کھانے پینے کی اشیاء مہیا کی جائیگی۔ مساجد کے واش رومز اور وضو خانے کی تزئین و آرائش کی جائیگی۔ منصوبہ کے تحت واٹر فلٹریشن پلانٹس کی اپ گریڈیشن، غربت کے خاتمے، صاف پانی کی فراہمی سمیت شہریوں کی فلاح و بہبود سمیت دیگر اقدامات کئے جائینگے۔ اس کے علاوہ گلیوں کی خوبصورتی کے حوالے سے لینڈ سکیپنگ کی جائینگی۔ فیروز پور روڈ گرین بیلٹ کو خوبصورت بنایا جائیگا اور بہترین پودے لگائے جائیں گے۔ مصطفی آباد ٹول پلازہ پر خوبصورت انٹری گیٹ تعمیر کیا جائیگا۔ اس کے علاوہ ڈپٹی کمشنر کی نگرانی میں ڈینگی‘پولیو‘مصنوعی مہنگائی اور کرپشن کا خاتمہ سمیت دیگر کئی عوام دوست منصوبہ جات پر کام جاری ہے۔ ڈپٹی کمشنر نے اس عزم کا اظہار کیا ہے کہ بہت جلد قصور کا شمار پنجاب کے بہترین اضلاع میں ہوگا جہاں عوام الناس کو تمام بنیادی سہولیات میسر ہونگی۔ انہوں نے نہ صرف ضلع کے افسران کو اپنی اپنی فیلڈ میں نکل کر عوام کی خدمت کرنے کا حکم دے رکھا ہے بلکہ وہ خود بھی ضلع بھر میں ہنگامی دورے کر کے عوامی شکایات کو سننے اور انہیں فوری طور پر حل کرنے کیلئے اقدامات اٹھا رہے ہیں۔