تربت میں خاتون کا خودکش حملہ ، پولیس اہلکار شہید ، خاتون سمیت 2 زخمی
کوئٹہ ، اسلام آباد( نوائے وقت رپورٹ، نمائندہ خصوصی) بلوچستان کے ضلع تربت میں خاتون خودکش حملہ آور کے حملے میں ایک پولیس اہلکار شہید ہو گیا۔ڈپٹی کمشنر کیچ بشیر بڑیچ کے مطابق کمشنر روڈ پر خودکش دھماکے میں ایک پولیس اہلکار شہید ہوا، تربت میں خودکش حملہ کرنے والی ایک خاتون تھی۔انہوں نے بتایا کہ دھماکے میں پولیس کی ایک خاتون سپاہی سمیت دو افراد زخمی ہوئے۔ سکیورٹی فورسز کی گاڑی کو بھی نقصان پہنچا۔پولیس حکام کا کہنا ہے جائے وقوعہ کا محاصرہ کر کے تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا اور بہت جلد ملزمان کو تلاش کر لیں گے۔وزیراعلیٰ بلوچستان نے حملے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ دہشتگردوں کے مقاصد کامیاب نہیں ہونگے،دہشت گردی کا مقصد ترقیاتی عمل کو روکنا ہے۔وزیراعظم شہباز شریف نے تربت میں خود کش حملے کی مذمت کرتے ہوئے شہید پولیس اہلکار کو خراج عقیدت پیش کیا ہے۔ وزیراعظم نے شہید پولیس اہلکار کے اہل خانہ سے ہمدردی اور تعزیت کا اظہارکیا۔وزیراعظم نے وزیر اعلیٰ بلوچستان کو شہید پولیس اہلکار کے اہل خانہ کو شہدا پیکج دینے اور بچوں کی تعلیم کا بندوبست کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ پوری قوم شہدا کی وارث ہیں، ان کی قربانیوں کا اعتراف کرتے ہیں،وزیراعظم نے زخمی خاتون پولیس اہلکار سے ہمدردی کا اظہار کیا۔وزیراعظم نے زخمی خاتون پولیس اہلکار کو بہترین طبی سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت کی۔
تربت\خودکش حملہ