مزید ٹیکسز مسترد،مہنگائی کے ڈرون حملے جاری ہیں، سراج الحق
لاہور ( خصوصی نامہ نگار) امیرجماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ غریبوں پر مہنگائی کے ڈرون حملے جاری ہیں، وزیرخزانہ کی جانب سے سوا دو سو ارب کے مزید ٹیکسز کو مسترد کرتے ہیں، عوام کا خون نچوڑنا بند کیا جائے۔ 13جماعتی اتحاد نے آئی ایم ایف اور استعمار کی غلامی میں تمام حدیں پار کر دیں۔ حکومتی مراعات کم ہوئیں نہ کابینہ کا سائز، سارا بوجھ عام آدمی پر ڈالا جا رہا ہے، غیرترقیاتی اخراجات میں کمی لائی جائے، سودی معیشت اور کرپشن کے ناسور نے ملک کی جڑیں کھوکھلی کر دیں۔ انصاف کا بے لاگ نظام، امن اور مستحکم معیشت بہتر حکمرانی کے بنیادی انڈیکیٹرز ہیں، پاکستان 75برسوں سے تینوں سے محروم ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے مردان میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ امیرجماعت اسلامی خیبرپختونخوا پروفیسر محمد ابراہیم، جنرل سیکرٹری عبدالواسع بھی مقررین میں شامل تھے۔مزیدبرآں سراج الحق نے دیرکی تحصیل مْنڈا میں سادات اور گجرخاندانوں کے درمیان دیرینہ دشمنی ختم اور دوستی میں تبدیل ہونے کے موقع پر جرگہ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جماعت اسلامی کی حکومت آئے گی تو جرگہ کو قانونی تحفظ دیا جائے گا۔ جرگہ انسانی تہذیب کے ساتھ پروان چڑھا اور باہمی فیصلوں اور افہام و تفہیم سے مقامی مسائل حل کرنے کا بہترین فورم ہے۔