پاکستان میں رومانیہ کے سفیر نکولائی گویا کا انتقال ہو گیا
اسلام آباد (خصوصی نامہ نگار) وزارت خارجہ کے ترجمان نے پاکستان میں رومانیہ کے سفیر نکولائی گویا کی وفات پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔ ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق انتہائی افسوس کے ساتھ اعلان کیا جاتا ہے کہ پاکستان میں رومانیہ کے سفیر عزت مآب نکولائی گویا کا انتقال ہو گیا ہے۔ترجمان نے اپنے بیان میں کہا کہ آنجہانی ایک تجربہ کار پیشہ ور سفیر تھے، پاک۔ رومانیہ تعلقات کو مضبوط بنانے میں ان کے کردار کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ ترجمان دفتر خارجہ نے آنجہانی سفیر کے اہلخانہ کے ساتھ تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اس مشکل وقت میں ہماری ہمدردیاںآنجہانی کے خاندان کے ساتھ ہیں۔ ترجمان نے آنجہانی سفیر کی روح کے ابدی سکون کے لئے دعا کی۔