• news

سری لنکا‘ ایران کے درمیان اگلے ماہ سے بارٹر ٹریڈ کا آغاز ہوگا

سری لنکا (نوائے وقت رپورٹ) اگلے ماہ سے ایران کے ساتھ بارٹر ٹریڈ (مال کے بدلے مال) کا آغاز کر رہا ہے جس کے تحت وہ 25 کروڑ ڈالر مالیت کی چائے کے بدلے ایرانی تیل لے گا۔ 2012ء میں درآمد کئے گئے تیل کیلئے 2021ء میں بارٹر ٹریڈ ر اتفاق کیا گیا تھا‘ لیکن سری لنکا میں غیرمعمولی ڈالر کی قلت کی وجہ سے عملدرآمد میں مزید وقت لگ گیا۔ سری لنکا کے چائے بورڈ کے چیئرمین نیرج ڈی میل نے کہا کہ یہ وقت سب سے بہترین ہے کہ ہمیں ایک اہم منڈی تک رسائی مل جائے گی اور ایران اور سری لنکا ڈالر پر انحصار کے بغیر تجارت کر سکیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ معاہدے میں طے ہوا تھا کہ ہم 48 مہینوں تک ہر مہینے 50 لاکھ ڈالر مالیت کی چائے کی پتی برآمد کریں گے‘ لیکن ہم نے فی الوقت 20 لاکھ ڈالر مالیت کی چائے برآمد کرنے کا منصوبہ بنایا ہے۔ خیال رہے کہ سری لنکا کی سیلون چائے عالمی سطح پر مقبول ہے اور ملک کیلئے سب سے زیادہ زرمبادلہ لانے والی فصل بھی یہی ہے۔ سرکاری اعدادوشمار کے مطابق پچھلے سال سیلون چائے کی برآمدات سوا ارب ڈالر رہی تھیں۔ سری لنکن چائے کا ایک بڑا حصہ متحدہ عرب امارات کے ذریعے ایران پہنچتا ہے۔ دوسری طرف یو اے ای نے بھی سری لنکا سے چائے درآمدات میں دگنا اضافہ کر دیا ہے۔5 برس بل یو اے ای کی سری لنکا سے چائے درآمدات 4 کروڑ 80 لاکھ ڈالر کی تھیں جو پچھلے سال 11 کروڑ 80  لاکھ ڈالر ہو چکی ہیں۔ رواں برس مئی کے اختتام تک سری لنکا کے زرمبادلہ ذخائر ساڑھے 3 ارب ڈالر ہو گئے تھے۔ یہ پچھلے 14 ماہ میں سب سے زیادہ رقم ہے۔

ای پیپر-دی نیشن