25 سے زائد وارداتیں‘ قصور میں مزاحمت پر خاتون قتل‘ باپ بیٹا زخمی
لاہور‘ قصور (نامہ نگار+ نمائندہ نوائے وقت) لاہور میں ڈاکے‘ چوریاں‘ شہری لٹ گئے۔ قصور میں بیوی جاں بحق ‘ باپ بیٹا زخمی۔ تفصیلات کے مطابق مسلح ڈاکوؤں نے نواب ٹاؤن میں نور اشرف سے کار اور کار میں موجود 70لاکھ روپے رقم چھین لی۔ ڈاکوؤں نے سمن آباد میں محبوب الرحمن کے گھر سے 7لاکھ 12ہزار‘ زیورات، موبائل فون اور دیگر سامان، شاہدرہ میں فرخ بی بی کے گھر سے 4 لاکھ‘ زیورات، موبائل فون اور دیگر سامان، شاہدرہ میں منیر احمد کی فیکٹری سے 74ہزار، موبائل فون اور دو مرغے، چوہنگ میں عمر منور سے گاڑی جبکہ بادامی باغ میں وقار، غازی آباد میں شہزاد اور ہربنس پورہ میں معاذ سے ہزاروں روپے اور موٹر سائیکلیں چھین لی ہیں۔ ڈیفنس سی میں فرحان کے گھر سے 10لاکھ 80 ہزار کے زیورات، نقدی اور ایل ای ڈی چوری کر لی۔ گلبرگ، گارڈن ٹاؤن، شادمان، ملت پارک اور شاہدرہ میں سے 5 کاریں، کاہنہ میں سے رکشہ جبکہ اسلام پورہ، لوئر مال، شفیق آباد، مصری شاہ، باغبانپورہ، برکی، ریس کورس، مزنگ، ہنجروال، لیاقت آباد اور رائیونڈ سے 12 سے موٹر سائیکلیں چوری ہو گئیں۔ قصور کے بستی صابری کے رہائشی ذوالفقار علی نے پولیس تھانہ میں مقدمہ درج کروایا ہے کہ میں فیملی بیگم رقیہ بی بی، بیٹے ثاقب اور بیٹی ایمن کے ساتھ جا رہا تھا، ڈاکوؤں نے اسلحہ کے زور پر روکنے کی کوشش کی گاڑی نہ روکنے پر ملزمان نے سیدھی فائرنگ شروع کر دی جس کی زد میں آکر میری بیوی رقیہ بی بی دم توڑ گئی جبکہ میں اور میرا بیٹا بھی فائرنگ سے زخمی ہو گئے ہیں۔