میثاق معیشت عام آدمی کیلئے وقت کی اہم ضرورت ہے:شہزاد سعید چیمہ
لاہور (نامہ نگار)پیپلز پارٹی سینٹرل پنجاب کے سیکرٹری اطلاعات شہزاد سعید چیمہ نے کہا ہے کہ تمام سیاسی جماعتوں کو معیشت اور انتخابات کی حتمی تاریخ کیلئے میز پر بیٹھنا چاہیے۔ میثاق معیشت عام آدمی کیلئے وقت کی اہم ضرورت ہے۔ سابق صدر نے میثاق معیشت پر تمام سیاسی جماعتوں کو دعوت دی ہے۔ ہم ایک ارب ڈالر کیلئے دنیا کے سامنے ہاتھ پھیلا رہے ہیں۔ وہ ماڈل ٹاو¿ن میں پیپلز پارٹی لاہور کے جنرل سیکرٹری رانا جمیل منج کیساتھ پریس کانفرنس سے خطاب کر رہے تھے۔شہزاد سعید چیمہ نے کہا کہ پیپلز پارٹی سندھ کے سیلاب زدگان کیلئے بجٹ میں اچھی رقم مختص کرنے پر وزیر خزانہ کی شکر گزار ہے۔ پیپلز پارٹی نے الیکشن کے حوالے سے بھی تجاویز دی ہیں جن پر تمام جماعتیں بیٹھ کر فیصلہ کریں کیونکہ پیپلز پارٹی کبھی الیکشن سے نہیں بھاگی۔ شہزاد سعید چیمہ نے واضح کیا کہ پیپلز پارٹی پنجاب بھر میں اپنے امیدوار کے ساتھ الیکشن لڑے گی۔ انہوں نے لاہور میں لگائے گئے پیپلز پارٹی کے پرچموں اور فلیکسز کو انتظامیہ کی طرف سے ہٹائے جانے کے سوال پر کہا کہ پیپلز پارٹی کا پرچم اتارنے والوں سوچنا چاہیے۔ یہ شہدا کا پرچم ہے۔