• news

ایشین گیمز، بھارتی کرکٹ بورڈ کا ٹیمیں بھیجنے کا فیصلہ

لاہور (سپورٹس رپورٹر ) بورڈ آف کنٹرول فار کرکٹ ان انڈیا نے ایشین گیمز میں بھارتی کرکٹ ٹیموں کی شرکت کی تصدیق کی ہے۔ مینز ٹیم ٹی ٹونٹی فارمیٹ میں ویمنز ٹیم کیساتھ شامل ہوگی۔ تاہم ایشین گیمز کی تاریخوں کی وجہ سے تنازعہ سامنے آیا ہے، جو اس سال بھارت میں ہونیوالے آئی سی سی کرکٹ ورلڈ کپ کیساتھ موافق ہے۔ ٹورنامنٹ میں شریک مردوں کی ٹیم اپنے بی سکواڈ پر مشتمل ہوگی اور ایشین گیمز میں کسی بھی ٹیم میں کوئی سٹار کرکٹر موجود نہیں ہوگا۔ایشین گیمز چین کے شہر ہانگزو میں 23 ستمبر سے 8 اکتوبر تک شیڈول ہیں جبکہ ورلڈ کپ 5 اکتوبر سے 19 نومبر تک ہونا ہے۔ اس کے علاوہ ٹیموں کو وارم اپ میچوں میں بھی شرکت کرنا ہوگی۔بی سی سی آئی 30 جون تک اپنے کھلاڑیوں کی فہرست بھارتی اولمپک ایسوسی ایشن کو پیش کرے گا۔ ایشین گیمز کیلئے بھارت کے چیف ڈی مشن بھوپیندر باجوہ نے پہلے کہا  تھاکہ ہمارے پاس ایک کے علاوہ تمام کھیلوں میں اینٹریز ہیں ، کرکٹ ٹیم نہیں جا رہی، انہوں نے کہا کہ وہ مصروف ہیں، ہم نے انہیں تقریباً 3،4 ای میلز بھیجی ہیں لیکن جب ہمیں منتظمین کو اینٹریز بھیجنی پڑیں تو انہوں نے کہا کہ وہ نہیں جائیں گے۔ کرکٹ جو 2010ء اور 2014ء میں اس ٹورنامنٹ میں شامل تھی لیکن 2018ء میں نہیں، اب ہانگزو گیمز میں شامل کر دی گئی ہے۔ کھیلوں کا ایونٹ گزشتہ سال چین میں ہونا تھا لیکن کروناکی پابندیوں کی وجہ سے ملتوی کر دیا گیا تھا۔ یہ پہلا موقع نہیں ہے جب بی سی سی آئی نے اپنی دو قومی ٹیموں کو میدان میں اتارا ہو۔ اس سے قبل 1998ء میں بھارتی بورڈ نے ایک ٹیم کوالالمپور کامن ویلتھ گیمز میں شرکت کیلئے اور دوسری کو سہارا کپ کیلئے پاکستان کیخلاف مقابلے کیلئے بھیجا تھا۔ کرکٹر شیکھر دھون نے 2021ء میں سری لنکا میں سیکنڈ سٹرینتھ ٹیم کی قیادت کی جبکہ ویرات کوہلی نے انگلینڈ میں ایک ٹیم کی قیادت کی۔ بار بار کی درخواستوں کے باوجود بھارتی کرکٹ بورڈ نے پہلے یہ کہتے ہوئے کہ وہ مصروف ہے، ایشین گیمز میں شرکت سے انکار کر دیا تھا۔

ای پیپر-دی نیشن