• news

پاکستان کرکٹ بورڈآفیشل امریکی کرکٹ کیلئے مشاورت کرنے لگے

لاہور(سپورٹس رپورٹر)پاکستان کرکٹ بورڈآفیشل امریکی کرکٹ کیلئے مشاورت کرنے لگے، انھیں اس کا معاوضہ بھی ملے گا۔شعیب نوید پی سی بی میں کئی برس سے مختلف پوزیشنز پر کام کر رہے ہیں،2014 سے 2016 تک وہ پروجیکٹ منیجر پی ایس ایل رہے،2016 سے 2020 تک اسلام آباد یونائٹیڈ کے سی او او کی حیثیت سے ذمہ داری نبھائی، یہ تعلق بعد میں رشتہ داری میں بھی تبدیل ہو گیا، انھوں نے لیگ کے پروجیکٹ منیجر،منیجر مارکیٹنگ اینڈ سیلز کی حیثیت سے بھی کام کیا،2019 میں انھوں نے پروجیکٹ ایگزیکٹو پی ایس ایل کا عہدہ سنبھالا اور ایک سال تک خدمات نبھائیں، دسمبر 2020 میں شعیب نے لیگ کیلئے مزید کام کرنے سے معذرت کرلی۔پی سی بی نے پریس ریلیز بھی جاری کیا مگر پھر حیران کن طور پر فوراً ہی خاموشی سے بطور ہیڈ آف براڈ کاسٹ رائٹس، پروڈکشن اینڈ ایمرجنگ پلیٹ فارمز واپسی ہو گئی۔ذرائع کے مطابق وہ ان دنوں امریکی کرکٹ کو لیگ و دیگر معاملات پر مشاورت فراہم کر رہے ہیں، اس کیلئے انھیں معاوضہ بھی ادا کیا جائیگا۔پی سی بی نے قوانین سے ہٹ کر شعیب نوید کو تین ماہ تک طویل رخصت کی اجازت بھی دیدی، یہ معلوم نہیں ہو سکا کہ اس دوران وہ بورڈ سے بھی تنخواہ وصول کریں گے یا نہیں،اس کیلئے انھیں پروجیکٹ ہیڈ نائلہ بھٹی نے خصوصی اجازت دی، دیگر ملازمین اس پر چہ مگوئیاں بھی کر رہے ہیں کہ کسی دوسرے بورڈ کیلئے کام کرنے اور اتنے عرصے غیرحاضری کی اجازت کیسے دے دی گئی؟ ماضی میں ایک خاتون نے کینیڈا جانے سے قبل طویل رخصت مانگی تو انھیں انکار کر دیا گیا تھا۔ذرائع نے مزید بتایا کہ سابقہ مینجمنٹ کمیٹی کے سربراہ نجم سیٹھی جاتے جاتے شعیب نوید کو جی ایم پی ایس ایل بھی بنا گئے ہیں،البتہ اس کا کوئی باضابطہ اعلان نہیں کیا گیا، اسلام آباد یونائٹیڈ سے قریبی تعلق کی وجہ سے اس میں مفادات کے ٹکراؤ کا عنصر بھی سامنے آئیگا۔

ای پیپر-دی نیشن