• news

ملک کو دیوالیہ کرنے والے آج اسحاق ڈار سے استعفی مانگ رہے ہیں : مریم اورنگزیب 

اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ) وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ معاشی بارودی سرنگیں بچھانے، ملک دیوالیہ کرنے اور عوام کی روٹی روزی پر ڈاکہ ڈالنے والے فارن ایجنٹ آج اسحاق ڈار سے استعفیٰ مانگ رہے ہیں۔شاہ محمود قریشی کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ معیشت کا دھڑن تختہ کرنے والے اپنے ہی کئے ہوئے آئی ایم ایف معاہدے کو بحال ہوتے دیکھ کر کیوں رو رہے ہیں؟، 9 مئی کو ملک جلایا، فوجی ونجی املاک پر حملے کئے، شہداءکی یادگاروں کی بے حرمتی کی، اب معاشی مفادات پر حملے کی پھر تیاری ہے۔انہوں نے کہا کہ آئی ایم ایف سے سمجھوتہ قریب ہونے کی خبر سنتے ہی تخریب کاروں، سازشیوں اور ملک دشمنوں کا رونا پیٹنا پھر شروع ہو گیا ہے، سخت شرائط پر آئی ایم ایف کا معاہدہ کیا خود خلاف ورزی کی، اپنا کیا ہوا معاہدہ توڑا، پھر ملک اور معاہدے کے خلاف سازشیں بھی کیں، معاہدہ ہونے پر چیخنے والوں سے سوال یہ پوچھنا چاہیئے کہ آپ نے آئی ایم ایف سے معاہدہ کیا کیوں تھا ؟۔وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے مزید کہا ہے کہ جو معاہدہ ہونے پر چیخ رہے ہیں آئی ایم ایف سے معاہدہ خود انہوں نے ہی تو کیا تھا، اس معاہدے کو نہ صرف توڑا بلکہ ملک کو ڈیفالٹ کرانے کی سازش کی تھی، نواز شریف ملکی معیشت مستحکم کر کے گئے تھے، فارن ایجنٹ نے معیشت کی بنیادیں ہلائیں اور ملک دوبارہ آئی ایم ایف کے پاس گیا۔مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ نواز شریف واحد لیڈر ہیں جن کی حکومت نے آئی ایم ایف پروگرام مکمل کیا اور ملک کو ترقی کی راہ پر بھی ڈالا، "مرجاو¿ں گا، آئی ایم ایف نہیں جاو¿ں گا “ کون کہتا تھا؟، پھر وہ آئی ایم ایف کیوں گیا؟، عوام کے پیٹ پر مہنگائی کے پتھر باندھنے والے بے شرم ملکی معیشت سنبھالنے والے اسحاق ڈار سے استعفیٰ مانگ رہے ہیں۔

ای پیپر-دی نیشن