پنجاب میں گوشت، پولٹی انڈسٹری کے فروغ کیلئے ہنگامی اقدامات کا فیصلہ
لاہور(نیوزرپورٹر، نوائے وقت رپورٹ) نگران وزیر اعلی پنجاب محسن نقوی کی زیر صدارت اجلاس منعقد ہوا۔ جس میں لائیوسٹاک پروڈکشن میں اضافے اور لائیوسٹاک کی ایکسپورٹ بڑھانے کے لئے اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔نگران وزیراعلی محسن نقوی نے لائیوسٹاک اورڈیری ڈویلپمنٹ میں بہتری کے لئے جامع پلان طلب کرلیا ہے۔ اجلاس میں پنجاب میں گوشت او رپولٹری انڈسٹری کے فروغ کے لئے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کافیصلہ کیا گیا۔ نگران وزیر اعلی محسن نقوی نے میٹ ایکسپورٹ کے حوالے سے جامع پالیسی مرتب کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ بیف، مٹن او رپولٹری انڈسٹری کے فروغ میں رکاوٹیں دورکی جائیں گی۔اجلاس میں بہاولپور ڈویڑن کو میٹ ڈویڑن قرار دینے کا اصولی فیصلہ کیا گیا۔نگران وزیر اعلی پنجاب محسن نقوی نے راولپنڈی میں تھانہ ایئرپورٹ کی حدود میں یتیم بچی کے ساتھ مبینہ زیادتی کے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے انسپکٹرجنرل پولیس سے رپورٹ طلب کر لی ہے - نگران وزیر اعلی محسن نقوی نے ہدایت کی کہ ملزمان کی جلد گرفتاری یقینی بنائی جائے اور ملزمان کو قانون کی گرفت میں لا کر مزید کارروائی کی جائے۔نگران وزیر اعلی پنجاب محسن نقوی نے نارووال میں آسمانی بجلی گرنے سے قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہارکیا ہے - نگران وزیر اعلی محسن نقوی نے جاں بحق افراد کے لواحقین سے دلی ہمدردی و تعزیت کا اظہار کیا ہے اور ادعا کی ہے کہ اللہ تعالی جاں بحق افراد کو جوار رحمت میں جگہ دے اور سوگوار خاندانوں کو صبر جمیل عطا فرمائے۔