• news

یورپی یونین کاروس کیخلاف پابندیوں کا 11واں پیکج نافذ


برسلز(این این آئی)یورپی یونین نے روس پر نئی پابندیاں عائد کرتے ہوئے 11 واں پیکج نافذ کر دیا۔غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق یورپی یونین میں شامل رکن ممالک کی جانب سے یوکرائن جنگ کے تناظر میں روس پر نئی پابندیاں عائد کی گئی ہیں۔یورپی یونین کی جانب سے نافذ نئی پابندیوں میں روس کے فوجی اور صنعتی کمپلیکس کی براہ راست مدد کرنے والوں کی فہرست میں 87 نئے اداروں کا اضافہ کیا گیا ہے جن میں چین، ازبکستان، متحدہ عرب امارات، شام اور آرمینیا میں رجسٹرڈ کمپنیاں شامل ہیں۔یورپی یونین کی جانب سے روس کے فوجی سیکٹر کے لیے ممکنہ مددگار ثابت ہونے والی ایسی اشیا کو بھی فہرست میں شامل کیا گیا ہے جن کا تعلق جدید ٹیکنالوجی اور ہوا بازی کے شعبے سے ہے۔نئی پابندیوں کے تحت روس کے راستے کسی تیسرے ملک کو برآمدات پر پابندی ہو گی اور کسی تیسرے ملک کو ایسی حساس اشیا کی فروخت پر بھی پابندی عائد کی گئی ہے جو کہ دوہرے مقاصد کے لیے قابل استعمال ہوں۔نئی پابندیوں میں روسی حکومت کے زیر کنٹرول 5 نشریاتی اداروں کے لائسنس بھی منسوخ کر دیئے گئے ہیں جبکہ مبینہ طور پر یوکرینی بچوں کو غیر قانونی طور پر روس ملک بدر کرنے کے الزام میں 71 افراد اور 33 اداروں کے اثاثے منجمد کیے گئے ہیں۔
یورپی یونین پابندی

ای پیپر-دی نیشن