عامر میر کا مویشی منڈی اڈہ رکھ چھبیل مناواں کا سرپرائز دورہ ،بدانتظامی پر برہم
لاہور(نیوزرپورٹر) نگران وزیر اطلاعات و بلدیات پنجاب عامر میر نے گزشتہ روز مویشی منڈی اڈہ رکھ چھبیل مناواں کا سرپرائز دورہ کیا۔ دورے کے دوران وزیر بلدیات نے محکمہ صحت کے قائم کردہ میڈیکل کیمپ پر ڈاکٹر اور ڈسپنسر کی بجائے نائب قاصد کی موجودگی پر شدید برہمی کا اظہار کیا اور فوکل پرسن محکمہ ہیلتھ کو ڈیوٹی سے غیر حاضر ڈاکٹر کے خلاف کارروائی کی سفارش کر دی۔ نگران وزیر بلدیات نے محکمہ ہیلتھ کے نائب قاصد کو کام کرنے سے فوری روکتے ہوئے کہا کہ "نیم حکیم خطرہ جان" کے مصداق ایک نائب قاصد بیماروں کے لیے مزید خطرہ ہو سکتا ہے۔ وزیر بلدیات نے محکمہ لائیو اسٹاک اور ریسکیو 1122 کے میڈیکل کیمپ کا بھی معائنہ کیا اور ڈیوٹی روسٹر چیک کیا۔