پنجاب بھر میںڈرائیونگ سکولز کی تعداد دوگنا کر دی گئی
لاہور(نامہ نگار) شہریوں کو ڈرائیونگ لائسنس کی باآسانی فراہمی کیلئے انقلابی اقدامات کئے گئے ہیں تاکہ زیادہ سے زیادہ شہری ڈرائیونگ لائسنس حاصل کر سکیں۔ آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے کہا کہ قومی شناختی کارڈ ہولڈر ہر پاکستانی شہری اب پنجاب کے کسی بھی لائسنسنگ سنٹر سے باآسانی لائسنس بنوا سکتا ہے اور پاکستان کے تمام اضلاع کے رہائشی معیاد ختم ہونے پر پنجاب کے کسی بھی ضلع سے ڈرائیونگ لائسنس کی تجدید کروا سکتے ہیں۔ پاکستان کے کسی بھی علاقے سے لرنر لائسنس بنوانے والا شہری اپنی جاب والے ضلع میں ڈرائیونگ ٹیسٹ دینے کی سہولت حاصل کر سکتا ہے۔پاکستان کی تاریخ میں پہلی بار اب تک 62 ٹرانسجینڈرز کو ڈرائیونگ لائسنس جاری کئے جا چکے ہیں،ٹرانسجینڈرز کو پنجاب پولیس کے ڈرائیونگ سکولز میں گاڑی چلانا سکھانے کی ٹریننگ بھی دی جا رہی ہے۔ پنجاب بھر کے 32 ڈرائیونگ سکولز کا دائرہ کار وسیع کرتے ہوئے تعداد بڑھا کر 64 کر دی گئی ہے، گزشتہ سال کے 6 لاکھ کی نسبت رواں سال 30 فیصد زائد 16 لاکھ ڈرائیونگ لائسنس شہریوں کوجاری کئے جا چکے ہیں۔ گزشتہ سال جون میں جاری کئے گئے اےک لاکھ کے مقابلے میں رواں سال جون میں 4 لاکھ افراد کے ڈرائیونگ لائسنس بنائے گئے۔لبرٹی ڈرائیونگ لائسنسنگ سنٹرز لاہور سے گزشتہ سال جون میں جاری 2 ہزار لائسنس کے مقابلے میں رواں سال اسی مدت میں 16 ہزار ڈرائیونگ لائسنس جاری کئے گئے، گزشتہ سال جون میں گوجرانوالہ میں بنائے گئے 9 سو کے مقابلے میں رواں سال 9 ہزار، راولپنڈی میں 5 ہزار کے مقابلے میں 16 ہزار،فیصل آباد میں 4 ہزار کے مقابلے میں 13 ہزار لائسنس بنائے گئے۔ لاہور ، گوجرانوالہ، ملتان، فیصل آباد اور راولپنڈی میں ڈرائیونگ لائسنس بنوانے کی سہولت 24 گھنٹے دستیاب ہے۔ڈی آئی جی ٹریفک پنجاب مرزا فاران بیگ نے بتایا کہ ٹریفک پولیس کی موبائل ڈرائیونگ لائسنسنگ وینز مختلف شہروں میں لرنر ڈرائیونگ لائسنس کا اجرا کر رہی ہیں۔ ریگولر لائسنس پاکستان کے کسی بھی علاقے کا ہو،انٹرنیشنل ڈرائیونگ لائسنس اب پنجاب کے کسی بھی ضلع سے بنوایا جا سکتا ہے۔