ہائی ٹیک انڈسٹری میں پاک چین تعاون سے معیشت کو فروغ ملے گا:ماہرین
اسلام آباد(آئی این پی )پاکستان اور چین کے درمیان ہائی ٹیک انڈسٹری میں تعاون پاکستان کی مقامی معیشت کو نمایاں طور پر فروغ دے گا۔ ماہرین نے کہا کہ یہ تعاون تکنیکی ترقی ، صنعتی ترقی کو فروغ دینے اور روزگار کے مواقع پیدا کرنے کیلئے دونوں ممالک کی طاقتوں اور وسائل کو اکٹھا کرتا ہے۔ بیلٹ اینڈ روڈ انیشیٹو اور چین پاکستان اکنامک کوریڈور کے تحت پاکستان اور چین جدت طرازی اور انٹر پرینیور شپ کو فروغ دینے، عوامی تبادلے کی حوصلہ افزائی، مشترکہ تحقیقی لیبارٹریوں کے قیام اورٹیکنالوجی میںتعاون پر توجہ دے رہے ہیں۔ سپیشل ٹیکنالوجی زونز اتھارٹی میں سٹریٹجک پلاننگ کے ڈائریکٹر حمزہ سعید اورکزئی نے کہا کہ چین نے خود کو عالمی ٹیکنالوجی لیڈر کے طور پر پیش کیا ہے اور دونوں ممالک کے پاس کام کرنے کے بہت سے مواقع ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ ہمارے ادارے نے پاکستان کے خصوصی اقتصادی زونز میں سرمایہ کاری کرنے والی چینی ٹیکنالوجی کمپنیوں اور بڑے پیمانے پر کاروباری اداروں کی مدد کیلئے ایک مخصوص ڈیسک قائم کیا ہے۔