ساف فٹبال چیمپئن شپ ‘ بھارتی کھلاڑی نیپالی کھلاڑیوںسے بھی الجھ پڑے
لاہور(سپورٹس ڈیسک )ساف فٹبال چیمپئن شپ میں بھارتی کھلاڑی پاکستان کے بعد نیپالی فٹبالرز سے بھی الجھ پڑے۔بنگلورمیں کھیلے گئے میچ میں بھارت نے نیپال کو 0-2 سے شکست دی تاہم آن فیلڈ ماحول اسوقت گرم ہوگیا جب 64 ویں منٹ میں بھارتی کھلاڑی راہول بھیکے اور نیپالی پلئیر نے ہیڈر کیلئے بال کا انتظار کررہے تھے، اس پر راہول بھیکے نے مخالف ٹیم کے پلئیر پر الزام لگایا کہ انہوں نے دھکا دیا، جس پر دونوں ٹیموں کے کھلاڑی آپس میں گتھم گتھا ہوگئے۔میچ کے دوران ریفری کو مداخلت کرنا پڑی اور دونوں ٹیموں کے کھلاڑیوں کو خاموش کروایا گیا بعدازاں کچھ دیر بعد صورتحال پر قابو پا کر میچ دوبارہ شروع کردیا گیا۔بھارت نے میچ میں نیپال کو شکست دیکر ساف فٹبال چیمپئین شپ کے سیمی فائنل میں جگہ پکی کرلی ہے۔میچ میں سنیل چھتری گول کرکے (139 میچوں میں 91 گول کے ہمراہ ایشیا میں دوسرے سب سے زیادہ گول کرنے والے کھلاڑی بن گئے ہیں، اس سے قبل ایران کے علی دائی (148 میچوں میں 109) گول کےساتھ پہلے نمبر پر موجود ہیں۔گروپ فاتح کا فیصلہ کرنے کیلئے بھارت کل 27 جون کو کویت سے مقابلہ کرےگا۔ پاکستان اور بھارت کے درمیان کھیلے گئے میچ میںبھارتی کوچ ایگور سٹیمک نے پاکستان کے عبداللہ اقبال سے گیند چھین لی تھی، اس حرکت پر ریفری کی جانب سے بھارتی کوچ کو ریڈ کارڈ دیکھایا گیا اور میدان بدر کردیا گیا تھا۔اس جھگڑے کے دوران بھارت کے سندیش جھنگن اور پاکستان کے راہیس نبی کو جھگڑے میں ملوث ہونے پر یلو کارڈ بھی دیا گیا تھا۔میچ کے اختتام پر سٹیمک نے ٹوئٹ کیا کہ آپ میرے کل عمل کو برا کہیں یا صحیح لیکن میں ایک وارئیر ہوں اور جب ضرورت پڑی تو اپنے لڑکوں کو ریفری کے غلط فیصلوں سے بچانے کیلئے دوبارہ کروں گا۔