توشہ خانہ کیس میں عمران کی 4 جولائی تک حفاظتی ضمانت منظور
لاہور+ اسلام آباد (خبر نگار+ وقائع نگار) لاہور ہائیکورٹ میں پی ٹی آئی سربراہ نے اپنے خلاف درج مقدمات کی تفصیلات اور ہراساں کرنے سے روکنے کیلئے عدالت سے رجوع کر لیا۔ درخواست میں نو مئی کے بعد درج تمام مقدمات اور بھجوائے گئے نوٹسز کی تفصیلات عدالت طلب کرنے کی استدعا کی گئی ہے۔ وفاقی وزارت دفاع، داخلہ، قانون وانصاف چاروں صوبوں کے آئی جیز، ڈی جی ایف آئی اے، الیکشن کمیشن، پیمرا کو فریق بنایا گیا ہے۔ درخواست میں وفاقی وزیر داخلہ اور ڈی جی اینٹی کرپشن پنجاب کو بھی فریق بنایا گیا ہے۔ ادھر چیئرمین تحریک انصاف نے اسلام آباد ہائیکورٹ میں نئی درخواست دائر کی ہے کہ توشہ خانہ کیس میں الیکشن کمیشن کے فیصلے کے خلاف درخواست واپس لینے کی درخواست پر پہلے فیصلہ دیا جائے۔ دیگر چار درخواستوں پر بعد میں فیصلہ سنایا جائے۔ لاہور ہائیکورٹ نے پی ٹی آئی چیئرمین کی توشہ خانہ کیس میں حفاظتی ضمانت منظور کرلی۔ عدالت نے عمران خان کی حفاظتی ضمانت 4 جولائی تک منظور کی ہے۔ دوسری جانب تحریک انصاف کے سربراہ نے پولیس پر حملہ کیس میں جے آئی ٹی کو اپنا تحریری جواب جمع کرا دیا۔ جواب میں کہا گیا کہ مجھ پر سیاسی بنیادوں پر 150 مقدمات درج کئے گئے، اپنی گرفتاری کے بعد کسی کو تشدد پر نہیں اکسایا۔