ساہیوال ریجن کے 21 ٹکٹ ہولڈر، اوکاڑہ کی ضلعی قیادت پی ٹی آئی چھوڑ گئی
اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ) پنجاب کے ضلع ساہیوال سے پی ٹی آئی کے 21 امیدواروں، رہنماؤں اور تمام پارٹی کارکنان نے علیحدگی کا اعلان کر دیا۔ ذرائع کے مطابق ساہیوال ریجن سے گزشتہ 12 گھنٹوں میں پی ٹی آئی کی مزید 21 وکٹیں گر گئیں، پاکپتن کے امجد جوئیہ، امیر حمزہ، ناصر حمید اور ماجد ڈوگر سمیت 9 ارکان نے پارٹی کو خیر باد کہہ دیا۔ امجد این اے 140، امیر حمزہ پی پی194 اور ماجد پی پی 195 سے ٹکٹ ہولڈر تھے اور تینوں کو پاکپتن میں مضبوط سیاسی شخصیت کے طور پر جانا جاتا تھا۔ اوکاڑہ سے چوہدری وسیم، عبدالحمید اور سرفراز سمیت 6 ارکان پارٹی عہدوں سے مستعفی ہوگئے جبکہ ساہیوال کے محمد خاں، چوہدری اصفر اور شاہد سمیت 6 سے زائد ارکان نے پارٹی چھوڑ دی۔ اس کے علاوہ ساہیوال ریجن کے تمام کارکنان نے سانحہ نو مئی کے نتیجہ میں پارٹی عہدوں سے استعفیٰ دے دیا۔ پی ٹی آئی اوکاڑہ کے ضلعی صدر انصاف سپورٹس اینڈ کلچر ونگ محمد اشفاق ضلعی جنرل سیکرٹری انصاف سپورٹس اینڈ کلچر ونگ و نائب صدر یوتھ ونگ ضلع اوکاڑہ شیخ مدثر، ضلعی صدر انصاف مینارٹی ونگ عثمان رشید اور تحریک انصاف کے سر گرم رکن اور اوکاڑہ پریس کلب کے سابق صدر عبدالحمید جج نے پاکستان تحریک انصاف کو الوداع کہہ دیا ہے۔