• news

ایک سال میں خارجہ محاذ پر پاکستان کے روابط، عزت، ساکھ بحال ہوگئی: مریم اورنگزیب

اسلام آباد (خبرنگارخصوصی) وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ وفاقی وزیر منصوبہ بندی و ترقی احسن اقبال کو چین کی طرف سے چین پاکستان اقتصادی راہداری منصوبے (سی پیک) کے ہیرو کا خطاب ملنے پر مبارک ہو۔ پیر کو اپنے ایک ٹویٹ میں وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات کا کہنا تھا کہ جس شخص کی ایمانداری، محنت اور لگن کا اعتراف چین جیسا عظیم ملک کر رہا ہے، اسے سیاسی انتقام میں پاگل ہو کر جیل میں ڈالا گیا۔گولی مروائی گئی، کردار کشی کی گئی۔ انہوں نے کہا کہ چین کا بیان ایسے تمام سیاہ کرداروں کے منہ پر طمانچہ ہے۔ جب کہ یہ اعزاز پاکستان کی خارجہ پالیسی کی بہتری کا بھی اظہار ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ چار سال میں ملک کو سفارتی تنہائی میں مبتلا کیا گیا تھا، وزیر اعظم شہباز شریف کی قیادت میں گزشتہ ایک سال کے دوران خارجہ محاذ پر پاکستان کے روابط، عزت اور ساکھ بحال ہوئی ہے۔  علاوہ ازیںوفاقی وزیر برائے اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ پاکستان کی پہلی میوزک پالیسی کا ڈرافٹ تیار کرلیا گیا ہے، میوزک پالیسی کے ذریعے متعدد مراعات اور سہولیات سے میوزک انڈسٹری کو نئی زندگی ملے گی، پائریسی اور کاپی رائٹس سمیت میوزک انڈسٹری کو درپیش مسائل حل ہوں گے، موسیقی پاکستان کا بھرپور اور تاریخی ورثہ ہے جو صوفیا کرام کی شاعری، قدیم اور جدید موسیقی کا نادر مجموعہ ہے۔ پیر کو اپنے بیان میں وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ پبلک پرفارمنس، پروڈکشن، ڈسٹری بیوشن، ایڈیپٹیشن، ڈیوریشن، مکینیکل و کمیونیکیشن رائٹس کو قانونی ڈھانچے میں لایا جا رہا ہے، ان اقدامات میں یوزرز اینڈ لائنسز کا مسئلہ بھی حل ہو جائے گا جس سے میوزک انڈسٹری کو فروغ ملے گا۔ انہوں نے کہا کہ موناپلائزیشن کے خاتمے کے ساتھ ساتھ میوزک ورکرز کے بنیادی قانونی حقوق کا تحفظ ہوگا، کاپی رائٹ سمیت میوزک سٹیک ہولڈرز کو درپیش مسائل حل ہوں گے۔ وزیر اطلاعات نے کہا کہ میوزک کی تیاری، گانے والوں، لکھنے والوں اور دھن بنانے والوں کے قانونی حقوق کا تحفظ یقینی ہوگا ۔اس پالیسی کے ذریعے پاکستان کی موسیقی کے عظیم ورثے کے تحفظ اور فروغ کے لئے اقدامات اٹھائے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ موسیقی پاکستان کا بھرپور اور تاریخی ورثہ ہے جو صوفیا کرام کی شاعری، قدیم اور جدید موسیقی کا نادر مجموعہ ہے۔  انہوں نے کہا کہ 1970 کے بعد سے اب تک میوزک کے شعبے میں قانونی، انتظامی یا پالیسی لیول کی کوئی تبدیلی نہیں ہوئی۔حقوق ملکیت دانش ، میوزک کی چوری سے پاکستان اور میوزک انڈسٹری دونوں کو نقصان ہورہا ہے۔

ای پیپر-دی نیشن