میئر کراچی الیکشن‘غیر حاضر پی ٹی آئی کے مزید 7 نمائندے پارٹی رکنیت سے فارغ
کراچی (نیٹ نیوز) پاکستان تحریک انصاف نے میئر کراچی کے انتخاب میں غیر حاضر رہنے والے مزید 7 بلدیاتی نمائندوں کوپارٹی سے نکال دیا۔ صدر پی ٹی آئی سندھ حلیم عادل شیخ نے 7 چیئرمینز کو پارٹی سے نکالنے کا نوٹیفکیشن جاری کردیا۔ پی ٹی آئی کے مطابق صدرپی ٹی آئی سندھ نے تحقیقات کیلئے بنائی گئی انکوائری کمیٹی کی سفارش پرفیصلہ کیا۔ پارٹی سے نکالے جانے والوں میں شاہ فیصل سے عبدالرحمان خان، صدر ٹاؤن سے طاہر پرویز، منگھوپیر سے منید الرحمان، سہراب گوٹھ سے حیات اللہ، کورنگی سے امجد حسین، منگھوپیرسے عاطف حیات اورسہراب گوٹھ سے دولت خان شامل ہیں۔نوٹیفکیشن کے مطابق تمام اراکین کی پارٹی رکنیت ختم کرنے کیلئے پارٹی کے سیکرٹری جنرل کو بھی خط لکھ دیا گیا ہے۔اس قبل حلیم عادل شیخ کی جانب سے 17 بلدیاتی نمائندوں کو پارٹی پالیسی کیخلاف فیصلہ کرنے پر پارٹی سے نکالا گیا تھا اور اب تک 24 بلدیاتی نمائندوں کو پارٹی سے نکالنے کا نوٹیفکیشن جاری کیا جاچکا ہے۔